دیوبند،سماج نیوز سروس:آل انڈیا کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 20؍ مئی کو تمام میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی بند رکھے جانے کی اپیل کی ہے ۔کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری پردیپ لوتھرا ،خازن ہریش سڈاتا اور ریٹیل چیئرمین جودھ بیر سنگھ نے مشترکہ طور سے بتایا کہ اس بند یا ہڑتا ل کا مقصد ملک میں بغیر کسی کنٹرول کے ای ۔فارمیسی اورآن لائن دوائوں کی فروخت کرنے کی مخالفت کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ادویات کی آن لائن فروختگی پرکسی طرح کا کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔جس کی وجہ سے دوائوں کی آن لائن فروختگی کا عمل اورنظام قطعی طور پر کنٹرول سے باہر ہے اس لئے یہ طریقہ ٔ کار سنگین نوعیت کے خطرات کا باعث بن رہا ہے ،پردیپ لوتھرا نے کہا کہ کسی مناسب نگرانی اور تصدیق ادویات کی آن لائن فراہمی سے مریضوں صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے کے خدشات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا دوائوں کے غلط استعمال ،نقلی اور غلط دواوں کی فراہمی جیسے خطرات سامنے آرہے ہیں ۔جودھ پیر سنگھ نے بتایا کہ رجسٹرد کیمسٹ مریض کو دوائیں دیتے وقت اس کی مقدار ،استعمال کا طریقہ ،اور اس کے سائڈ افیکٹ کے بارے میں بھی بتاتا ہے جبکہ آن لائن طریقۂ کار میں ان معلومات کا فقدان رہتا ہے ،انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس سلسلہ میں جلد ہی مناسب اقدامات نہیں کئے گئے اورکوئی واضح پالیسی اختیار نہیں کی گئی تومستقبل میں ادویات کی ترسیل مکمل طور سے بے قابو ہوجائے گی ،انہوں نے کہا کہ حکومت سے ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ آن لائن ادویات فروختگی پر پابندی لگائی جائے اور مریضوں کی جان اور صحت کو ترجیح دی جائے ۔












