
بکرم گنج (بہار) 30 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو بہار اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کے لوگوں کو 48.5 ہزار کروڑ سے زیادہ کی سوغات دی، جس میں ریل، سڑک، گیس کی فراہمی، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں کئی منصوبے شامل ہیں۔مسٹر مودی نے ریاست کے روہتاس ضلع میں یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں ان پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور کئی کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی نتیش کمار حکومت لوگوں کی زندگیوں میں زبردست تبدیلی لائی ہے۔
انفراسٹرکچر مضبوط ہوا ہے اور لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ نکسلی سرگرمیوں پر قابو پالیا گیا ہے۔ ترقی کے ثمرات دور دراز علاقوں کو مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی پر قابو پایا گیا ہے اور عوام کو لوٹ مار سے بچایا جا رہا ہے۔
پروگرام میں، وزیر اعظم نے 48 ہزار 520 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ، سنگ بنیاد رکھا اور وقف کیا۔ریاست میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے اورنگ آباد ضلع میں 29,930 کروڑ سے زیادہ کی لاگت والے نبی نگر سپر تھرمل پاور پروجیکٹ، فیز-II (3×800 میگاواٹ) کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس کا مقصد بہار اور مشرقی ہندوستان کے لیے توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ صنعتی ترقی کو فروغ دے گا، روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور خطے میں سستی بجلی فراہم کرے گا۔خطے میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے اور رابطے کو فروغ دینے کے لیے مسٹر مودی نے این ایچ-119اے کے پٹنہ-آرا-سسرام سیکشن کو چار لین کرنے، وارانسی-رانچی-کولکتہ ہائی وے ( این ایچ-319بی) اور رام نگر-کچی درگاہ سیکشن (این ایچ-119اے) کو چھ لین بنانے نیز بکسراور بھرولی کے درمیان نئے گنگا پل کی تومیر سمیت مختلف سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ان پروجیکٹ ریاست میں بغیر کسی رکاوٹ کے تیز رفتار کوریڈور بنائیں گے اور تجارتی اور علاقائی رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیر اعظم نے تقریباً 5,520 کروڑ روپے کی لاگت سے این ایچ-22 کے پٹنہ-گیا-ڈوبھی سیکشن کی چار لیننگ اور این ایچ-27 پر گوپال گنج ٹاؤن میں ایلیویٹڈ ہائی وے کو چار لین کرنے اور گریڈ میں بہتری کا افتتاح کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کی سرزمین سے دہشت گردوں کو ’تصور سے بالاتر سزا‘ کا انتباہ دے کر ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ ا پنا وعدہ پورا کیا، آج ریاست کے لوگوں کو بھگوان رام کے قبیلے کی روایت کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ لوگ جانتے ہیں کہ بھگوان رام کی روایت کیا تھی،’پران جائے پر وچن نہ جائی‘یعنی جو وعدہ ایک مرتبہ کر دیا وہ پورا ہوکر ہی رہتاہے۔
بہار میں تقریباً چار ماہ بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جمعہ کو روہتاس ضلع کے بکرم گنج میں تقریباً 48 ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا،”لوگ جانتے ہیں کہ بھگوان رام اور ان کے قبیلے کا اصول کیا تھا، ’پران جائے پروچن نہ جائی‘یعنی جو وعدہ ایک بار کر دیا وہ پورا ہوکر ہی رہتاہے ۔ پربھو رام کی یہ پالیسی اب نئے ہندوستان کی پالیسی بن گئی ہے ۔ “
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب مسٹر کمار کی قیادت میں جنگل راج حکومت کا خاتمہ ہوا تو بہار بھی ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے لگا۔ ٹوٹی پھوٹی شاہراہیں، خراب ریلوے، گنی چنی فلائٹ کنکٹی ویٹی وہ دور اب تاریخ بن چکا ہے۔ کبھی بہار میں صرف ایک ہوائی اڈہ پٹنہ میں تھا لیکن آج دربھنگہ ہوائی اڈہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ اب یہاں سے دہلی، ممبئی اور بنگلور جیسے شہروں کے لیے پروازیں دستیاب ہیں۔ بہار کے لوگ طویل عرصے سے مطالبہ کر رہے تھے کہ پٹنہ ہوائی اڈے کے ٹرمینل کو جدید بنایا جائے۔ اب یہ مطالبہ بھی پورا ہو گیا ہے۔ کل شام مجھے اس نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ نیا ٹرمینل اب ایک کروڑ مسافروں کو سنبھال سکتا ہے۔ بہٹاہوائی اڈے پر بھی 1400 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ بہار میں ہر جگہ فور لین اور چھ لین سڑکوں کا جال بچھ ر ہا ہے۔ پٹنہ سے بکسر، گیاجی سے ڈوبھی، پٹنہ سے بودھ گیاجی، پٹنہ۔آرا۔ سہسرام گرین فیلڈ کوریڈور۔ ہر جگہ کام تیزی سے جاری ہے۔ گنگا، سون، گنڈک، کوسی سمیت تمام بڑی ندیوں پر نئے پل بنائے جا رہے ہیں۔ ہزاروں کروڑ روپے کے ایسے منصوبے بہار میں نئے مواقع اور امکانات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ یہاں سیاحت اور کاروبار دونوں کو فائدہ ہوگا۔
بہار میں ریلوے کی حالت میں تیزی سے بہتری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج بہار میں عالمی معیار کی وندے بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں۔ ریلوے لائنوں کوڈبل اور ٹرپل کیا جا رہا ہے۔ چھپرا، مظفر پور، کٹیہار جیسے علاقوں میں تیزی سے کام چل رہا ہے۔ سون نگر اور انڈال کے درمیان ملٹی ٹریکنگ کا کام جاری ہے جس سے ٹرینوں کی آمدورفت میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب 100 سے زیادہ ٹرینیں سہسرام(روہتاس) میں بھی رکتی ہیں،یعنی ہم پرانے مسائل کو حل کر رہے ہیں اور ریلوے کو جدید بنا رہے ہیں۔
سابق ریلوے وزیر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کا نام لیے بغیر مسٹر مودی نے ان پر حملہ بولا اور کہا کہ ”یہ کام پہلے بھی ہو سکتے تھے لیکن جن لوگوں پر بہار کو جدید ٹرینیں دینے کی ذمہ داری تھی انہوں نے ریلوے میں بھرتی کے نام پر آپ کی زمینیں لوٹیں، غریبوں کی زمینیں لکھوالیں، سماجی انصاف کے ان کے یہی اصول تھے غریبوں کو لوٹنا ، ان کے حقوق کو لوٹنا ، ان کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھانا۔











