
جالے، محمد رفیع ساگر : قائد حزب اختلاف اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو آج یعنی جمعہ کو جالے بلاک کے دو مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ ان کی آمد کے پیش نظر عظیم اتحاد کے رہنماؤں نے جمعرات کو مقامات کا معائنہ کیا اور کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ عوامی شمولیت پر زور دیا۔ تیجسوی یادو کے استقبال کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کر دی گئی ہے، جبکہ پروگرام کے مقامات کو سجانے اور تیار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔کمتول کے تاریخی اہلیا استھان احاطے میں صفائی کا کام جاری ہے، جبکہ کمہرولی کے الہدی اکیڈمی کے کھیل میدان میں جمعہ کی شام منعقد ہونے والی پرتکلف دعوتِ افطار کی تیاریاں بھی حتمی مراحل میں ہیں۔ راشٹریہ جنتا دل کے ریاستی ترجمان اور سابق ایم ایل اے رشی مشرا علاقے میں مسلسل عوامی رابطہ مہم چلا رہے ہیں اور لوگوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کر رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ تیجسوی یادو 21 مارچ کو پٹنہ سے بذریعہ سڑک روانہ ہوں گے اور ویشالی و مظفرپور کے راستے اس علاقے میں پہنچیں گے۔ دورانِ سفر عظیم اتحاد کے حامی سِمری، مَبّی، ٹکٹار اور کمتول میں ان کا استقبال کریں گے۔ وہ سہ پہر 3:30 بجے اہلیا استھان پہنچ کر پوجا کریں گے اور پھر شام 5 بجے کمہرولی کے الہدی اکیڈمی چوک پر دعوتِ افطار میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ پورنیہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے سِمری، سنگھواڑہ، جالے، کمتول، بھرواڑہ اور کٹاسا کے راشٹریہ جنتا دل کارکنان میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سابق مکھیا مظفر امام عرف طفیل احمد، سنجے مشرا، ارشاد عالم، امجد عباس، راج نریش یادو سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔دریں اثنا، دیر شام سابق مرکزی وزیر علی اشرف فاطمی، سابق ایم ایل اے رام نواس پرساد اور آرجے ڈی ریاستی کاونسل کے رکن آفتاب عالم منٹو سمیت کئی دیگر رہنماؤں نے بھی پروگرام کے مقامات کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات دی ہیں۔











