
سہرسہ(سالک کوثر امام) ضلع کے تحت سمری بختیار پور کے رنگینیاں میں واقع گرین ویلی اکیڈمی میں مولاناطہ مظاہری کی صدارت میں تکمیلی و افتتاحی قرآن مجید و سالانہ کلچرل پروگرام کا انعقاد ہوا۔ چیئرمین نمائندہ حسان عالم نے فیتہ کاٹ کر پروگرام کا افتتاح کیا۔ مولانا طہ مظاہری نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبا سے اخوت و بھائی چارہ کی مثال بننے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آپ سب محبت سے رہیں اور یکجہتی بنا کے رکھیں، اتحاد میں طاقت ہے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا توقیر مفتاحی اور مولانا ضیاء الدین ندوی نے گرین ویلی اکیڈمی کو دینی و عصری تعلیم کا حسین سنگم قرار دیتے ہوئے اسکول کے تعلیمی نظام اور طلباء کو دی جانے والی تربیت کی تعریف کی، ساتھ ہی اسکول کے ڈائریکٹر احمد اللہ سر اور تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں سینکڑوں اسکول ہیں مگر گرین ویلی اکیڈمی عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم پر بھی زور دے رہا ہے ۔ اس اسکول کی انفرادیت ہے کہ یہاں کے چھوٹے چھوٹے بچے بھی انگریزی زبان میں آپس میں باتیں کرتے ہیں۔اس موقع پر طہ مظاہری کو سپاس نامہ پیش کیا گیا۔طلبہ نے ثقافتی پروگرام پیش کر ناظرین کو خوب لطف اندوز کیا۔مولانا لطف الرحمان صمدانی علیگ نے پرو گرام کی نظامت کی۔ پروگرام کا اختتام صدر محفل طہ مظاہری کی دعا پر ہوا۔اس موقع پر نگر پریشد سمری بختیار پور کے چیئرمین نمائندہ حسان عالم کے علاوہ ضلع پریشد نمائندہ معروف عالم، مولانا عرفان، صحافی جعفر امام قاسمی ودیگر موجود رہے۔











