
پٹنہ : گورنمنٹ اردو لائبریری کی مجلس منتظمہ کی ایک اہم نشست آج ارشد فیروز ، چیرمین، گورنمنٹ اردو لائبریری کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔سب سے پہلے گزشتہ نشست کی کاروائی کی توثیق ہوئی ۔ اس کے بعد لائبریری میں کام کررہے سیکوریٹی گارڈ کا ماہانہ اجرت میں اضافہ پر غور وخوض ہوا۔ مالی سال 2024-25اور 2025-26 میں نئی اور پرانی عمارت کے لئے ابتک خرید کی گئی فرنیچر اور سامانوں کی منظوری ہوئی۔ گورنمنٹ اردو لائبریری ایوارڈ 2025 کو دینے کی منظوری حاصل ہوئی جس میں اردو کے مختلف اصناف سے تعلق رکھنے والے ناموں پر غور وخوض ہوا۔ اس کے علاوہ مالی سال 2025-26 میں اردو سے متعلق سیمینار، مشاعرہ وغیرہ منعقد کرانے پر غور وخوض کیا گیا ۔اس نشست میں مجلس منتظمہ کے ممبران پروفیسر علیم اللہ حالی ، اکبر رضا جمشید، ڈاکٹر سورج دیو سنگھ، سید شاہ مشہود احمد قادری ندوی ، ڈاکٹر انوارالہدیٰ، محمد نسیم الدین ، کے علاوہ لائبریرین پرویز عالم بھی شریک تھے ۔











