
پٹنہ، 27 مئی ، سماج نیوز سرو س: :ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم وفات کے موقعہ پر آج ان کے قد آدم مجسمہ پر گورنر جناب عارف محمد خان اور وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے گلپوشی کر کے انہیں شایان شان خراج عقیدت پیش کیا ۔نہرو پارک ،پنائی چک پٹنہ واقع پنڈت جواہر لال نہرو جی کے مجسمہ کے مقام پر یوم وفات کے موقعہ پر سرکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ،جہاں تعزیتی سلامی دی گئی اور خاموشی اختیار کی گئی ۔اس موقعہ پر آبی وسائل و پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجئے کمار چودھری ، رکن قانون ساز کونسل جناب سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی ،وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹر ی ڈاکٹر ایس سدھارتھ ، بہار ریاستی شہری کونسل کے سابق جنرل سیکریٹری مسٹر اروند کمار ، بہار حقوق اطفال تحفظ کمیشن کے سابق رکن جناب شیو شنکر نشاد سمیت دیگر اہم شخصیات اور سیاسی اور سماجی کارکنان نے بھی پنڈت جواہر لال نہرو جی کے مجسمہ پر گلپوشی کر کے خراج عقیدت پیش کیا ۔











