بہارشریف (ایم ایم عالم) نالندہ ضلع کے چندتی تھانہ علاقے سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا ہے،جہاں باپ کے مبینہ عشق کی وجہ سے 10 سالہ بیٹے کو قتل کر دیا گیا۔متوفی کی شناخت انکت کمار ولد نرنجن کمار کے طور پر ہوئی ہے جو دریا بیگھہ گاؤں کے رہائشی ہیں۔اہل خانہ کے مطابق انکت کے والد نرنجن کمار کا ایک نوجوان خاتون کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔الزام ہے کہ نوجوان خاتون نرنجن کمار کو بلیک میل کر رہی تھی اور رقم کا مطالبہ کر رہی تھی۔اس نے پیسے نہ دینے پر بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔پیر کے روز شام انکت کمار کچھ سامان لینے گھر سے نکلا لیکن دیر رات تک واپس گھر نہیں آیا۔لواحقین نے بہت تلاش کیا لیکن جب وہ اسے نہ مل سکا تو چنڈی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی۔منگل کے روز صبح اطلاع ملی کہ گاؤں کے ایک کندھا(پانی بھرے گڑھے) میں ایک بچے کی لاش ملی ہے۔جائے وقوعہ پر پہنچے اہل خانہ نے لاش کی شناخت انکت کمار کے طور پر کی۔اہل خانہ کا الزام ہے کہ انکت کا گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔بچے کے جسم پر زخموں کے متعدد نشانات بھی پائے گئے۔اس واقعہ سے ناراض گاؤں والوں اور اہل خانہ نے سڑک بلاک کر ہنگامہ آرائی کی اور پولیس پر لاپرواہی کا الزام لگایا۔اطلاع ملنے پر تھانہ چنڈی کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بہارشریف ماڈل اسپتال بھیج دیا۔ہلسا کی ڈی ایس پی شیلجا کماری نے کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ متوفی کے والد کو ماضی میں محبت کے سلسلے میں دھمکیاں ملی تھیں۔پولیس تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمہ کی مکمل تفتیش کر رہی ہے۔لاش کو پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ان کے اہل خانہ کو سپرد دیا گیا ہے۔












