ممبئی ۔19؍ جنوری 2023 : مشرقی ممبئی کی عظیم دینی ،اصلاحی و تربیتی درسگاہ جامعہ معراج العلوم چیتا کیمپ ٹرامبے ممبئی سے گذشتہ 2سالوں میں حفظ قرآن کی تکمیل کرنے والے113طلباءاور شعبہ قر أت سے فراغت حاصل کرنے والے18طلباءکا اعزاز کرنے کیلئے جامعہ معراج العلوم چیتا کیمپ کے سامنے وسیع و عریض روڈ پر عظیم الشان روحانی وعرفانی جلسہ دستار بندی منعقد کیا گیا ۔ جس میں ان طلباء کرام کے سروں پر اکابر علماء کرام کے ہاتھوں سے دستار باندھی گئی اور انعامات سے نوازا گیا ۔ جلسہ کی صدارت عارف باللہ شیخ وقت حضرت مولانا قمر الزماں صاحب ( خلیفہ حضرت شاہ وصی اللہ ؒ صاحب ) نے فرمائی ۔ اس عظیم الشان جلسہ میںملک کےممتازاکابر علماء کرام نمونہ اسلاف قاری سید حبیب احمد صاحب ( مہتمم جامعہ عربیہ ہتھورہ باندہ و رکن شوری دارالعلوم دیوبند )فقیہ العصر مفتی شبیر احمد صاحب ( شیخ الحدیث و صدر مفتی جامعہ قاسمیہ شاہی مراد آباد ) امام اہل سنت مولانا عبد العلیم فاروقی صاحب ( مہتمم دار المبلغین لکھنو و رکن شوری دارالعلوم دیوبند )خطیب العصر مولانا محمد عرفان قاسمی ( مبلغ دارالعلوم دیوبند )نمونہ اسلاف مولانا محمد یحی نقشبندی صاحب(خانقاہ رحمانیہ فدائے ملت اندھیری ) فخر مہا راشٹر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) مفسر قرآن مولانا ممتاز عالم صاحب ( مہتمم فیض العلوم اتر دیناج پور بنگال ) حافظ سعید اختر صاحب ( کار گذار مہتمم جامعہ نور العلوم بہرائچ ) مولانا محمود دریاآباد ی صاحب و دیگر نے شرکت فرمائی۔
اس موقع پرحضرت مولانا قمر الزاں صاحب نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ کائنات کے خالق و مالک کے قرآن کریم کو حفظ کرنا سب کے بس کی بات نہیں ہے،یہ اللہ کی رحمت ہی ہے جو ان حفاظ کیلئے آسانیاں پیدا کردیتی ہے۔قاری سید حبیب احمد صاحبب باندوی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہہر مسلمان کو اس بات کی کوشش کرنی چاہئے کہ اسے قرآن کا کچھ نہ کچھ حصہ حفظ ہوجائے، کیونکہ قرآن کو حفظ کرنے والوں کو فرشتوں کی طرف سے مبارکباد ملتی ہیں۔ مولانا عبد العلیم فاروقی صاحب نے فر مایا کہ قرآن کریم ساری انسانیت کی رہنمائی کرنے والی کتاب ہے ، اس میں زندگی جینے کا سلیقہ بتایا گیا ہے ،یہ کتاب ایسا سیدھا راستہ دکھانے والی ہے جس میں زمین میں رہنے والوں سے لے کر آسمان ،سبھی کے حقوق کی ادائیگی کے طریقے بتلائے گئے ہیں ۔مفتی شبیر احمد صاحب نے فرمایا کہ آج ساری دنیا میں مال اور طاقت کے زور پر مسلمانوں کے ایمان کو خریدنے کیلئے ہر طرح کی کوششیں کی جا رہی ہیں ،لیکن قرآن کی شان ہے کہ یہ جس طرح آج سے 1400سال قبل آسمان سے اترا تھا آج بھی الحمد اللہ بغیر ایک زبر زیر کی کمی کے باقی ہے اور انشاء اللہ قیامت تک باقی رہے گا۔ مولانا محمد یحی نقشبندی صاحب نے قرآن کی عظمت و تقدس پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ قرآن کی حقانیت کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ اللہ کی یہ کتا ب ہر قسم کی تحریف و ترمیم سے پاک ہے ۔ صوبائی صدر جمعیۃ مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے جانشین فدائے ملت حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء ہند ) کے اجلاس میں شرکت نہ کرسکنے کا معذرت نامہ پیش کیا ۔مولانا محمد عرفان قاسمی صاحب نے قر آن کریم کی عظمت و اہمیت اور حفاظ کرام کے مقام و مرتبہ پر روشنی ڈالی ۔ مولانا ممتاز عالم صاحب نے قرآن کریم کا حفظ تکمیل کرنے والے طلباء ان کے والدین مدرسہ کے ذمہ داران و اساتذہ کو مبارکبادی پیش کی،مولانا محمود دریاآباد ی صاحب و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
جلسہ کا آغاز جامعہ کے استاذ قاری محمد عمران صاحب کی تلاوت سے ہوا،قاری محمد عرفان صاحب نے نعت پاک پیش کیا۔ مولانا محمد زاہد قاسمی صاحب( نائب مہتمم جامعہ نے ) ادارہ کا تعارف ، قیام کی تاریخ ،اکابرین دار العلوم دیوبندو جمعیۃ علماء ہند سمیت دیگر علماء کرام کی آمد و ادارہ کی پذیرائی و دیگر تفصیلات کو پیش کیا ، ادارہ کے روح رواں حضرت مولانا قاری محمد صادق خان صاحب ( بانی و مہتمم جامعہ معراج العلوم ) نے اجلاس میں تشریف لانے والے تمام اکابر علماء کرام ، شرکاء اجلاس سے اظہار تشکر فرمایا ۔ مولانا محمد ذاکر قاسمی صاحب ( مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن گوونڈی ) اور مفتی محمد آزاد قاسمی صاحب ( مفتی جامعہ معراج العلوم ) نے جلسہ کی نظامت فر مائی ۔ جامعہ کے استاذ مفتی محمد ثاقب قاسمی صاحب کی تصنیف کی ہوئی دو کتابیں عقد صیانت و مشترکہ کاروبار کا رسم اجراء بھی عمل میں آیا ،اس اجلاس میںمولانا عظیم اللہ صاحب مہتمم مدرسہ فرقانیہ گونڈہ ،مولانا بشیر احمد گونڈوی ،ممبئی شہر و مضافات کے علماء کرام ،ذمہ داران مدارس ،ائمہ مساجد و معلمین و شرکاء اجلاس بڑی تعداد میں شریک تھے ۔