بلال بزاز
سرینگر ،سماج نیوز سروس: جموں کے ادھم پور ضلع میں ایک خوفناک اور ہلاکت خیز سڑک حادثے میں21مسافر از جاں جبکہ 50سے زائد زخمیوں ہو گئے ۔ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت اسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے ۔ دلخراش حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس 2 لاکھ اور زخمیوں کیلئے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ جموں سے نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ادھم پور میں سوموار کی صبح اس وقت ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جب مسافروں سے کھچا کھچ بھری ایک بس پہاڑی راستے سے گر کر گہری کھائی میں جاگری ۔ انہوں نے کہا کہ مسافر بس رام نگر سے ادھم پور جا رہی تھی جس دوران بس ضلع کی رام نگر تحصیل کے کانوٹے موڑ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ نمائندے نے عین شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بس پہاڑی راستے سے گر کر کھائی میں جاگری جس کے بعد وہاںچیخ و پکار کی صدائے فضا میںبلند ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی وہاں آس پاس کے لوگ دوڑ گئے جس دوران انہوںنے درجنوں مسافروں کو خون و میں لت پت پایا ۔ عین شاہدین کے مطابق اسی دوران پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران بھی موقعہ پر پہنچ گئے اور جائے واردات پر سے بچائو کارورائیاں شروع کی اور تمام زخمیوں کو علاج کیلئے نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ زخمیوں میں سے کئی ایک راستے میں ہی دم توڑ بیٹھے جبکہ متعدد زخمیوں کو علاج کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور منتقل کیا گیا۔ عین شاہدین کے مطابق اس بس حادثے میں 21مسافر از جاں ہو گئے ۔ ضلع ادھم پور کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سوموار کی صبح دل دہلانے والے حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کی۔انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس صبح 10 بجے کے قریب رام نگر علاقے کے کاگورٹ گاؤں کے قریب ایک اندھے موڑ پر ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا جس کے بعد گاڑی کھائی میں جاگری ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں نے سب سے پہلے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، زخمیوں کو ملبے سے باہر نکالا۔ پولیس اور دیگر ہنگامی جواب دہندگان جلد ہی متاثرین کو نکالنے اور جائے وقوعہ کو خالی کرنے کے آپریشن میں شامل ہو گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی کے ملبے سے کل 15 نعشیں نکالی گئی ہیں جبکہ درجنوں زخمیوںکو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعد میںمزید 6مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ بیٹھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں کل 21مسافروں کی موت ہوئی جبکہ 50کے قریب زخمی ہو گئے ۔ ادھر مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے حادثے کے بعد ڈپٹی کمشنر ادھم پورمنگا شیرپا سے بات کی جس کے بعد شدید زخمیوں کو ہوائی جہاز میں پہنچانے کے انتظامات کیے گئے ۔ ادھر ضلع پولیس ادھم پور کے ایک سنیئر عہدیدار نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 21مسافر حادثے میں از جاں ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم سی ادھم پور سمیت دیگر اسپتالوں میںبھی زخمی زیر علاج ہے اور ان میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میںلکھا ’’ جموں و کشمیر کے ادھم پور میں ایک بس حادثے کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں سن کر دکھ ہوا ہے۔ میں ان لوگوں کے تئیں اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کو کھو دیا ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ ‘‘ انہوں نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا بھی اعلان کیا۔












