پٹنہ، 7 نومبر : بہار حکومت نے منگل کو مقننہ کے دونوں ایوانوں میں ذات پر مبنی گنتی کی مکمل رپورٹ پیش کی، جس میں سماجی-اقتصادی سروے کا ڈیٹا بھی شامل ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری نے ذات پر مبنی گنتی کی پوری رپورٹ ایوان میں پیش کی ۔ رپورٹ کے مطابق بہار کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی غریب ہے ۔ تقریباً 34.13 فیصد خاندانوں کی ماہانہ آمدنی صرف چھ ہزار روپے ہے اور چھ ہزار سے دس ہزار روپے ماہانہ والے خاندانوں کی تعداد 29.61 فیصد ہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ ریاست میں 10,000 روپے ماہانہ تک کی آمدنی والے خاندانوں کی تعداد 63 فیصد سے زیادہ ہے ۔اسی طرح 10 ہزار روپے سے زیادہ لیکن ماہانہ 20 ہزار روپے سے کم آمدنی والے خاندانوں کی تعداد 18.06 فیصد ہے ۔ 20 ہزار سے 50 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والے خاندان 9.83 فیصد ہیں۔وہیں پچاس ہزار سے زیادہ کمانے والے خاندانوں کا فیصد صرف 3.90 ہے ۔ سروے کے مطابق ریاست کے 4.47 فیصد خاندانوں نے اپنی آمدنی کی اطلاع نہیں دی۔












