مکہ مکرمہ، (یو این آئی) سعودی عرب میں حج سکیورٹی فورس نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر چھ غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک غیر ملکی رہائشی نے پانچ افراد کو پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ منتقل کرنے اور وہاں قیام کرنے کی کوشش کی۔ رپورٹس کے مطابق حکام نے حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کی اور پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا۔ اس سے قبل وزارتِ داخلہ نے حج پرمٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے 20 ہزار ریال سے ایک لاکھ ریال تک جرمانے اور سخت سزاوں کا اعلان کیا تھا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے ’پرمٹ کے بغیر ممنوعہ مدت میں مکہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کرنے والے یا وزٹ ویزے پرمملکت میں مقیم کسی بھی غیرملکی کو مکہ لے جانے یا ایسے افراد کو رہائش یا ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنا سنگین خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔‘سعودی عرب: ڈیجیٹل نسک کارڈ حاصل کرنے کے لئے کیا کریں؟ ایسے افراد جو یکم ذی القعدہ کے بعد وزٹ ویزا ہولڈر کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں لے جانے کے لیے ٹرانسپورٹیشن یا انہیں قیام کی سہولت مہیا کریں گے، انہیں بھی سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔












