نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر سید جلال الدین کی ایک موقر وفد کے ساتھ نائب وزیر اعلی اجیت پوار سے ملاقات
ممبئی؍نئی دہلی :میرا روڈ بھیندر میں فرقہ وارانہ ٹکرائو کے بعد پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے شروع ہوئی یکطرفہ کاروائی کے خلاف نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر اور جنرل سکریٹری سید جلال الدین نے آواز بلند کی ۔ انھوں نے اپنے ایک موقر وفد کے ساتھ پہلے پولیس افسران سے ملاقات کی لیکن جب بات نہیں بنی تو نائب وزیر اعلی اجیت پوار سے ملاقات کی اور یکطرفہ کاروائی رکوانے کا مطالبہ کیا ۔ مطالبہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید جلال الدین نے کہا کہ کل ہم لوگوں نے میرا روڈ جاکر حادثہ کا جائزہ لیاتھا ۔اس کے بعدنیا نگر پولیس اسٹیشن کے جانچ آفیسر دلیپ راکھ سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ اس پورے معاملہ کی تہہ تک جاکر جانچ ہونی چاہئے ۔آئین کو ذہن میں رکھ کر سبھی کے ساتھ انصاف کیا جائے، یہ گزارش بھی پولیس آفیسر سے کی تھی ۔لیکن آج ہم نے نائب وزیر اعلی اجیت پوار سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ پولیس اور انتظامیہ مسلمانوں کے خلاف یکطرفہ کاروائی کر رہی ہے جو مناسب نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بلا وجہ بلڈوزر کلچر کو نافذ کیا جا رہا ہے ۔اگر غیر قانونی کچھ تعمیرات تھی تو کیا ان کو ابھی پتہ چلا ، اس سے پہلے کیوں پتہ نہیں چلا ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے مطالبہ پر انھوں نے پولیس کمشنر اور متعلقہ افسران سے بات کی اور ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر بلڈوزر کی کاروائی کو روکا جائے ۔ سید جلال الدین نے کہا کہ اس سلسلہ میں نائب وزیر اعلی اجیت پوار سے کل متاثرین کی ایک میٹنگ رکھی گئی ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کا معاملہ کیا جائے گا ۔ اس موقع پر این سی پی اقلیتی شعبہ میرا بھائندر کے ضلع صدر شاہنواز صدیقی بھی موجود رہے۔ واضح رہے کہ ایودھیا میں منعقدہ پران پرتشٹھا تقریب کے سبب جگہ جگہ سناتن دھرم یاترا نکالی جا رہی تھی ۔ ممبئی کے بھیندر میں بھی یہ یاترا نکالی گئی جس میں ہنگامہ برپا ہوگیا تھا ۔کاروں میں ہنومان اور رام نام کا جھنڈا لگاکر لوگ جے شری رام کے نعرے لگاکر جا رہے تھے ۔الزام یہ ہے کہ اس دوران کچھ لوگ لاٹھی ڈنڈے لے کر آ گئے جس کے سبب ٹکرائو پیدا ہو گیا ۔اس معاملہ میں پولیس نے پانچ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے جانچ کر رہی ہے اور بلڈوزر بھی چلا رہی ہے جس کو روکنے اور پورے معاملہ کی ایماندارانہ جانچ کے لیے سید جلال الدین اپنے ایک وفد کے ساتھ پولیس آفیسر سے ملاقات کی تھی اور آج نائب وزیر اعلی سے ملاقات کی ہے ۔












