راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے صدر ملکا رجن کھڑگے نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کیا ، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہم مودی کی تاناشاہی سے ڈرنے والے نہیں
کانگریس اکاونٹس بند کیے جانے پرراہل گاندھی کا رد عمل
کانگریس طاقت اور پیسے کا نام نہیں ہے یہ عوام کی طاقت ہے
ہم کسی بھی آمریت کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں
کانگریس کا ہر رکن آخری سانس تک آپ کے ساتھ لڑے گا
کانگریس کا کارکن ہر سانس تک جمہوریت کو بچائے گا
نئی دہلی : عام انتخابات سے قبل مودی حکومت کی جانب سے پرنسپل اپوزیشن کانگریس پارٹی کے خلاف بڑی کاروائی کی گئی ہے ۔ مودی حکومت کی جانب سے کانگریس کے بینکوں کے اکاونٹس ضبط کر لیے گئے ہیں جس سے ہنگامہ برپا ہو گیا ہے ۔حالانکہ ہنگامہ کے بعد انکم ٹیکس نےصفائی دی ہے کہ اکاؤنٹ بند نہیں کئے گئے تاہم کانگریس پارٹی کے بینک کھاتوں کو ضبط کیے جانے پر پارٹی رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیاہے ۔ کانگریس کے صدراور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکاارجن کھڑگے نے کہا کہ ملک میں کثیر الجماعتی نظام خطرے میں ہے اور ملک میں کثیر الجماعتی نظام کو بچانے کے لیے عدلیہ کو مداخلت کرنی چاہیے۔ انھوں نے بینک کھاتوں کو ضبط کرنے کے خلاف سڑکوں پر آنے کا بھی اعلان کیا۔ملکاارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ طاقت کے نشے میں مودی حکومت نے لوک سبھا انتخابات سے فوراً قبل ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی انڈین نیشنل کانگریس کے اکاؤنٹس ضبط کر لیے ہیں۔ کھڑگے نے لکھا کہ یہ جمہوریت پر بڑا حملہ ہے۔ بی جے پی نے غیر آئینی پیسہ اکٹھا کیا ہے اور بی جے پی اسے الیکشن میں استعمال کرے گی، لیکن ہم نے عوام سے چندہ لے کر جو پیسہ اکٹھا کیا تھا وہ ضبط کر لیا گیا ہے۔کھڑگے نے کہا کہ کانگریس سڑکوں پر اتر کر حکومت کے اس ظلم کے خلاف احتجاج کرے گی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ اسی لیے میں نے کہا ہے کہ ملک میں مستقبل میں انتخابات نہیں ہوں گے۔ ہم عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں کثیر الجماعتی نظام اور جمہوریت کو بچایا جائے۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پارٹی کے کھاتوں پر قبضے پر کہا کہ مودی جی فکر نہ کریں، کانگریس طاقت اور پیسے کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ عوام کی طاقت ہے۔ ہم آپ کی آمریت کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ کانگریس کا ہر کارکن آخری سانس تک آپ کے ساتھ لڑے گا اور ملک کی جمہوریت کو بچائے گا۔جمعہ کو کانگریس لیڈر اجے ماکن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ان کی پارٹی کے بہت سے بینک کھاتوں کو ضبط کیا ہے اور 210 کروڑ روپے کی وصولی کی ہے۔ اجے ماکن نے الزام لگایا کہ یہ کارروائی غلط بنیادوں پر کی گئی ہے۔ اجے ماکن نے الزام لگایا کہ نہ صرف کانگریس پارٹی کے کھاتوں پر قبضہ کیا گیا ہے بلکہ ملک میں جمہوریت پر قبضہ کیا گیا ہے۔ اجے ماکن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے بینک اکاؤنٹس انتخابات کے اعلان سے دو ہفتے قبل ضبط کیے گئے ہیں۔ کیا آپ اب بھی سمجھتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت زندہ ہے؟ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ ملک یک جماعتی نظام کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں صرف ایک پارٹی حکومت کرے گی؟واضح رہے کہ کانگریس نے پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے عوام اور پارٹی کے کارکنان سے چندہ دینے کی اپیل کی تھی اور اس طرح اس نے کئی کروڑ روپے جمع کر لیے تھے جو اب ضبط کر لیے گئے ہیں ۔یہ بھی غور طلب ہے کہ اس سے پہلے لوک سبھا الیکشن سے پہلے بھی کانگریس کے دفتروں اور کانگریس کے لیے کام کرنے والے سی اے کے گھروں پر انکم ٹیکس اور ای ڈی کی جانب سے چھاپے ماری کی گئی تھی ۔












