نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ صرف اسی صورت میں صحیح معنوں میں ترقی کرتا ہے جب خواتین کو برابری کا سچا، صحیح اور حقیقی حق حاصل ہو۔مسٹر کھرگے نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں صنفی مساوات اور خواتین کے مساوی حقوق کے حوالے سے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ "آپ کا جنم دکھ سہنے کے لیے نہیں ہوا، بلکہ آپ کی پیدائش بلندیوں اور ترقی کے لیے ہوئی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ "خواتین ترقی میں صرف شراکت دار ہی نہیں ہیں بلکہ اس کی محرک قوت بھی ہیں۔ خواتین اپنی ذہانت، لچک، ہمدردی اور پختہ عزم کے زور پر معاشروں کو بااختیار بناتی ہیں اور مضبوط ملک کی تعمیر کرتی ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر، ہم دنیا بھر کی خواتین کی ہمت، قیادت اور ان کی ان گنت خدمات کا جشن مناتے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں سچی ترقی تب ہی ہوگی جب مساوات محض ایک خواہش نہیں بلکہ ہر خاتون کے لیے ایک جیتی جاگتی حقیقت بن جائے گی۔کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ غریبوں اور امیروں کو ملنے والی مفت سرکاری سہولیات کے خلاف نہیں ہیں، لیکن اس بارے میں غور کرتے وقت ایمانداری بہت ضروری ہے۔راہل گاندھی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم سیکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ غریبوں کو دی جانے والی سرکاری سہولیات کا مذاق اڑایا جاتا ہے جبکہ امیر لوگوں کو دی جانے والی سہولیات کو اعزاز قرار دیا جاتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ جب غریبوں کو گزر بسر کے لیے سبسڈی ملتی ہے، تو اسے ریوڑیاں اور مفت سہولیات کہا جاتا ہے۔ جب اڈانی اور امبانی کو کوڑیوں کے بھاؤ زمین، ٹیکس میں چھوٹ اور کروڑوں کے قرض معاف کیے جاتے ہیں، تو اسے وکاس (ترقی) کہا جاتا ہے۔”کانگریس لیڈر نے سہولیات کے دونوں پہلوؤں پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو شرمندہ کیا جاتا ہے، جبکہ طاقتور لوگوں کی تعریفیں کی جاتی ہیں۔ میں مفت سہولیات کے بارے میں بات چیت کے لیے تیار ہوں، لیکن آئیے ایمانداری سے دونوں اطراف کا جائزہ لیں۔”کیرالہ میں انتخابی ماحول کے دوران اپنی حکومت کی اسکیموں کا ذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کیرالہ کے عوام کو پانچ اہم گارنٹیوں کے ذریعے ایک مضبوط حفاظتی ڈھال فراہم کرنے جا رہا ہے۔ ان میں اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں تمام خواتین کے لیے مفت سفر، کالج جانے والی طالبات کے لیے 1000 روپے ماہانہ مالی امداد، فلاحی پنشن بڑھا کر 3000 روپے ماہانہ کرنا، اومن چانڈی کے نام پر ایک اسکیم کے تحت ہر خاندان کو 25 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس کور دینا اور نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کرنا شامل ہے۔












