دیوبند ،سماج نیوز سروس: رمضان المبارک کے اختتام کے ساتھ ساتھ دیوبند کی چند بڑی مساجد میں بھی کلام پاک کی تکمیل ہوگئی ،دارالعلوم کی مسجد رشید میں جمعیۃ علماء ہندکے قائد مولانا سیداسعد محمود مدنی کے بیٹے مولانا حسین احمد مدنی نے تراویح میں کلام اللہ کی تکمیل کی ،دارالعلوم کی قدیم مسجد میں مولانا ازہد مدنی اور مرکزی جامع مسجد میں امروہہ جامع مسجد کے استاذ مفتی عفان منصورپوری نے29 ویں شب میں تکمیل کلام اللہ کے بعد شب قدر، چاندرات کی فضیلت اور عید کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ،مسجد رشید اور جامع مسجد میں ختم کے موقع پر دیوبند کے قرب وجوار سے آئے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،دیوبند کی گلیاں ،بازار، شام سے ہی بھیڑ کے سبب بھر کر چل رہی تھیں،مسجد رشید کے سامنے واقع جامعہ طبیہ کے میدان میں باہر سے آنے والی گاڑیوں کی قطاریں تھیں،دعاء میں شرکت کے لئے لوگ جوق درجوق چلے آرہے تھے ، ختم کلام اللہ کے موقع پر مولانا محمود مدنی نے کہا کہ قرآن اور رمضان کا رشتہ بہت مضبوط ہے اللہ نے قرآن کریم کو رمضان المبارک کے مہینہ میں آسمان دنیا سے زمین پر اتارا ۔ انہوںنے کہا کہ کلام اللہ کو مکمل کرنے کے لئے اللہ نے ایک رات اس ماہ میں ایسی بھی رکھی جس کی عبادت 80 ہزار سال عبادت کے برابر ہے ،اس رات میں اللہ نے کلام اللہ کو مکمل کیا ،اور امت مسلمہ کے سہولت کے لئے اللہ نے اس رات کی نشان دہی کرتے ہوئے اس کو رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں رکھا ،اللہ کے بندے طاق راتوں میں جاگ کر اگر عبادت کریں گے تو انہیں اللہ نے بخشنے کا وعدہ کیا ہے ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ رمضان المبارک کی 30 ویں شب جو چاند رات کی کہلاتی ہے یہ یوم الانعام کہلاتی ہے اس رات میں اللہ اپنے ان بندوں کو جنہوںنے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے بعد روزہ رکھے، راتوں کو اللہ کی یاد میں گزارا اور طاق راتوں میں شب بیداری کی ان لوگوں کے لئے یہ رات انعام کی رات ہے ،اس رات کو بھی جاگ کرعبادت کرنا اور اللہ کے یہاں سے انعام لینا نیک بندوں کی عادت میں شمار ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ایمان کی نشانی ہے جس کو اللہ سے محبت ہوگی اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی محبت کرے۔انہوں نے کہا کائنات میں ایک ہی شخصیت ایسی گزری ہے جس نے اپنی زندگی کے مقصد کو پورا کیا ہے اور وہ ہے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ سلم کہ جنہوںنے اپنی زندگی کے مقصد کو پورا کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ایمان والوں پر اللہ کے رسولؐ کا حق اپنی جان سے زیادہ ہے۔ مولانا محمود مدنی نے کہا کہ رسول ؐسے محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوگا اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنی زندگی میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو ظاہری اور باطنی طورپر پیوست کرے ۔چھتہ مسجد میں خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ اللہ کی قربت حاصل کرنے میں چندچیزوں کی ضرورت پڑتی ہے جب تک یہ چیزیں نہ ہوں قربت ِ خداوندی حاصل نہیں ہوسکتیں (۱) ذکر اللہ۔ (۲) رزقِ حلال، تلاوت ِ کلام اللہ اور اپنے آپ کو گناہوں سے محفوظ کرنا۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی دعا اور عبادت مقبول نہیں سکتی جب تک کہ انسان اکل حلال پر قائم نہ رہے، ایک لقمہ بھی اگر حرام چلا گیا تو چالیس دن تک اس کی عبادتیں اور نیکیاں اس کے کسی کام آنے والی نہیں ہیں۔












