سلی گوڑی، ( یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کے عمل کے دوران بڑی تعداد میں ووٹروں، بالخصوص گورکھا برادری کے نام فہرست سے نکالے جانے کی ذمہ دار ریاستی حکومت ہے۔”بی جے پی اقتدار میں آتے ہی نام بحال کرے گی” سلی گوڑی کے قریب سکنا میں دارجلنگ، کرسیانگ اور کلیمپونگ حلقوں سے بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ ریاستی انتظامیہ کی نگرانی میں کئی گورکھا ووٹروں کے نام کاٹ دیے گئے۔ انہوں نے اعلان کیا”جیسے ہی ریاست میں بی جے پی برسرِ اقتدار آئے گی، ان تمام ووٹروں کے نام فوری طور پر فہرست میں واپس شامل کر دیے جائیں گے جن کے نام سیاسی بنیادوں پر کاٹے گئے ہیں۔” مستقل حل کا یقین مرکزی وزیر داخلہ نے کانگریس، سی پی آئی ایم اور ٹی ایم سی پر دارجلنگ خطے کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے گورکھا مسئلے پر بات کرتے ہوئے امت شاہ نے الزام لگایا کہ ممتا بنرجی نے بارہا درخواست کے باوجود دہلی میں ہونے والی مشاورتی میٹنگوں میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مذاکرات کار مقرر کر کے رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، جس کی بنیاد پر بی جے پی حکومت بننے کے بعد آئینی ڈھانچے کے اندر رہتے ہوئے گورکھا عوام کے مطالبات پورے کرے گی۔












