روہتاس؍ کیمور، پریس ریلیز: امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی جانب سے ضلع کیموربھبھوا میں مورخہ 9/ مئی کومنعقد ہونے والے اجلاسِ نقباء کی تیاریوں کے سلسلے میں زیر صدارت جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ آج مدرسہ اسلامیہ قاسم العلوم، ببورا بھبھوا میں مجلسِ استقبالیہ کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔جس میں اجلاسِ نقبا اور اجلاسِ عام کی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا،اور اب تک کی ہوئی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف انتظامی امور کے لیے ذمہ داریوں کی تقسیم عمل میں آئی، جلسہ گاہ کا معائنہ کیا گیا، اور مہمانوں کے اکرام، قیام و طعام نیز دیگر ضروری انتظامات کو بہتر انداز میں انجام دینے کے لیے مجلس استقبالیہ کےافراد کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔واضح رہے کہ حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی کی یہ کوشش ہے کہ بہار اڑیسہ ،جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں امارت شرعیہ کی تنظیم کو مستحکم کیا جائے تمام مسلم آبادیوں میں پنچایت بلاک سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل دی جائے اور ایک ضلع کمیٹی بنائی جائے جس کی نگرانی میں پورے ضلع کے طول وعرض میں تعلیمی اصلاحی اور سماجی خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔جس ہدایت کو بروئے کار لاتے ہوئے حضرت مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی ناظم امارت شرعیہ بہار اڑیسہ وجھارکھنڈ نے جناب مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ اور جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ کے ذریعے حضرات مبلغین کو اس ضلع میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مقرر کیا ہے۔دوسری جانب گزشتہ دن امارت شرعیہ کے معاون ناظم جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی نے جناب مولانا احسان الحق قاسمی قاضی شریعت ضلع روہتاس وکیمور کی رفاقت میں روہتاس کے مختلف بلاکوں کا دورہ کیا جس میں چناری ،سہسرام اورڈہری اون سون کے نام قابل ذکر ہیں ان مقامات پروہاں کے ذمہ داران کے ساتھ مورخہ 10 مئی کوروہتاس میں ہونے والے اجلاس نقباء و اجلاس عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔تمام نقباء علمائ کرام ائمہ مساجد اور دانشوران حضرات کی شرکت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں حضرات مبلغین کے ساتھ مشاورت کی اور انہیں پورے ضلع کے مسلمانوں میں جا کر بڑے پیمانے پرتحریک چلانے کی درخواست کی اور تیاری کے سلسلے کو مزیدآگے بڑھاتے ہوئے ضلع روہتاس کی مجلس استقبالیہ کو مزید ذمہ داریاں سپرد کیں۔ اس موقع پر امارت شرعیہ کے مبلغین میں جناب مولانا مزمل حسین قاسمی جناب مولانا رفیع احمد ندوی جناب مولانا عثمان رحیمی پیش پیش تھے۔ضلع کیمور کی میٹنگ میں شریک اہم شخصیات میں مولانا احمد حسین قاسمی مدنی (معاون ناظم، امارتِ شرعیہ)، مولانا اسعد اللہ نیموی، مولانا مزمل حسین قاسمی، مولانا حشر الدین ندوی، مولانا سرفراز مظاہری، مولانا عمیر اشاعتی، مولانا صلاح الدین، محمد نوشاد گدی، محمد اسلم خان، جناب اشتیاق احمد خان، عارف انصاری، شمیم احمد، ماسٹر تصور اور قاری ارشاد صاحب شامل تھے۔اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں ذمہ داران نے عزم ظاہر کیا کہ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اسے منظم و باوقار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔












