بنکاک، (یواین آئی )منگل سے بنکاک کے نمبیوتر اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے تھائی لینڈ اوپن 2026 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی نظریں اپنے اسٹار کھلاڑیوں پر جمی ہوئی ہیں۔ ہندوستانی چیلنج کی قیادت عالمی نمبر چار جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کریں گے۔موجودہ ایشین گیمز چیمپئن ساتوک اور چراغ کی جوڑی اس سے قبل 2019 اور 2024 میں دو بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ تھامس کپ میں ہندوستان کو کانسی کا تمغہ دلانے کے بعد یہ جوڑی بہترین فارم میں ہے اور اب ان کی نظریں بی ڈبلیو ایف سپر 500 ٹورنامنٹ کے تیسرے ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔مردوں کے انفرادی زمرے میں ہندوستان کی جانب سے لکشہ سین، ایوش شیٹی اور تجربہ کار کدامبی سری کانت میدان میں اتریں گے۔ واضح رہے کہ سری کانت 2013 میں یہاں چیمپئن رہ چکے ہیں۔ایک دلچسپ مقابلہ نوجوان مانو چوہدری کا ہوگا، جو اپنے سپر 500 ڈیبیو میں پیرس اولمپک میڈلسٹ ملائیشیا کے لی زی جیا کا سامنا کریں گے۔: دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو خواتین کے سنگلز مقابلے میں ہندوستانی مہم کی قیادت کریں گی۔ ان کے ساتھ مالویکا بنسوڈ، انتی ہڈا، انمول کھرب اور تنوی شرما بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی۔ گائتری گوپی چند کی انجری کے باعث ٹریسا جولی اور گائتری کی جوڑی اس بار میدان میں نہیں ہے۔ خواتین کے ڈبلز میں اب رتپرنا پانڈا اور شویت پرنا پانڈا واحد ہندوستانی جوڑی ہوگی۔ اولمپین تینیشا کراسٹو اور دھرو کپیلا مکسڈ ڈبلز میں ہندوستانی چیلنج پیش کریں گے۔ہندوستانی شائقین کو امید ہے کہ تھامس کپ کی شاندار کارکردگی کے بعد ہندوستانی دستہ تھائی لینڈ کی سرزمین پر ایک بار پھر فتوحات کے جھنڈے گاڑے گا۔












