علی گڑھ،23جنوری، : 23جنوری2023کو ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن علی گڑھ میں یونانی ڈے تقریبات کاشاندار آغاز عمل میں آیا۔دراصل حکیم اجمل خاں کے یوم ولادت۱۱فروری کووزارتِ آیوش حکومت ہندہرسال یونانی ڈے کے طور پرمناتی ہے،اس سال دہلی میں اس موقع پر دوروزہ عالمی سیمینار منعقد کرنے کافیصلہ کیا گیاہے۔یونانی ڈے سے پہلے یونانی طب کے تئیں عوامی بیداری کے لیے ہندوستان کے طول و عرض میں پھیلے طبی اداروں میں متنوع پروگرام منعقد کیے جاتے ہیںاس مناسبت سے ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن،علی گڑھ میںیونانی ڈے کاؤنٹ ڈاؤن تقریبات کاآغازہوا ،اس موقع پرڈاکٹر شگفتہ رحمان کے زیر انتظام ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت انسٹی ٹیوٹ کی انچارج ڈاکٹر شیریں افزا نے کی اور نظامت کے فرائض حکیم مصباح الدین اظہرنے انجام دیے۔اس موقع پر گیسٹ اسپیکر حکیم فخرعالم نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکیم اجمل خاں نے ہندوستان میں دیسی طبوں کی تحریک کو ہندوستان کی آزادی سے جوڑ کر قومی تحریک بنادیاتھا،یہ تحریک ہندومسلم اتحاد کاایسا پلیٹ فارم بن گئی تھی جس پر اس وقت گاندھی جی جیسے قومی رہنمابھی بیٹھے نظرآتے تھے۔حکیم فخرعالم نے مزید کہاکہ اس وقت پورا ملک آزادی کی 75ویں سال گرہ کی مناسبت سے آزادی کاامرت مہوتسو منارہا ہے،ایسے موقع پر یونانی ڈے کاانعقاد اس اعتبار سے بہت خاص ہوجاتاہے کہ آزادی کی لڑائی سودیسی بنام بدیسی تھی،چنانچہ یونانی طب جو سودیسیت کی ایک اہم علامت ہے،ہندوستان میں اس کے فروغ کے بغیرآزادی کے مقاصد پورے نہیں ہوسکیں گے۔اس سال یونانی ڈے کی مناسبت سے 28جنوری2023 کوریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن علی گڑھ میںیونانی طب میں عصری تحقیق کے حوالہ سے یک روزہ قومی سیمینار کاانعقاد کیاجائے گا،اس میں مہمان خصوصی کے طور پرسی سی آریوایم نئی دہلی کے ڈائرکٹر جنرل پروفیسر عاصم علی خاں کی شرکت متوقع ہے۔
پروفیسر کنور محمد یوسف امین اور پروفیسر محی الحق صدیقی اس سیمینار کے افتتاحی اجلاس کے مہمانِ اعزازی ہوں گے۔اس قومی سیمینار کی کنوینر ڈاکٹر شیریں افزااور آرگنائزنگ سکریٹری حکیم مصباح الدین اظہر ہوں گے،نرنجن پرشاد شرمااور قاضی انس سلیم دیگر انتظامی امور کے نگراں ہوں گے۔












