ناظم بیگ
بلند شہر ،سماج نیوز سروس: دسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (دیشا) کی میٹنگ ضلع پنچایت آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ ایم پی ڈاکٹر بھولا سنگھ نے میٹنگ کی صدارت کی اور سرکاری اسکیموں کو نافذ کرنے میں لاپرواہی برتنے والے افسران کو سخت وارننگ دی۔ عوامی نمائندوں نے مختلف محکموں کے کام کرنے کے انداز پر سوالات اٹھائے ،جن میں جل جیون مشن کے تحت ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور افسران کی لاپرواہی اہم مسائل شا مل ہیں۔ میٹنگ میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی کئی عوامی فلاحی اسکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے ایم پی نے کہا کہ دیشا کمیٹی کا مقصد ہے کہ سرکاری اسکیموں کے فوائد ایماندار ی کے ساتھ اہل افراد تک پہنچیں۔ سا تھ ہی عوامی نمائندوں کے ذریعے اٹھائے گئے مسا ئل کو بر وقت حل کیا جائے اور کیے گئے اقدامات سے متعلقہ نمائندوں کو آگاہ کریں۔محکمہ صحت کے جائزے کے دوران رکن پارلیمنٹ نے آیوشمان کارڈ کے تحت علاج فراہم کرنے والے اسپتالوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی اسپتال میں بے ضابطگی پائی جاتی ہے تو اس کا الحاق ختم کر دیا جائے۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سنیل کمار دوہرے نے بتایا کہ ضلع میں ٹی بی کے مریضوں کو نرورہ اٹامک پاور پلانٹ نے گود لیا گیاہے ۔ ایم پی ڈاکٹر بھولا سنگھ نے جل جیون مشن کے تحت پائپ لائن بچھانے کے بعد سڑک کی تعمیر نو کے ناقص کام پر ناراضگی کا اظہار کر تے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری اور معیاری مرمت کو یقینی بنائیں۔ محکمہ بجلی کو شیڈول کے مطابق بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔پردھان منتری آواس یوجنا کا جائزہ لیتے ہوئے ایم پی نے ہدایت دی کہ اس اسکیم سے متعلق نام کی تختیاں مستفید ہونے والوں کے گھروں پر لازمی لگائی جائیں اور اس کی اہلیت کی اچھی طرح سے تصدیق کی جائے۔ انہوں نے ضعیفی، بیوہ اور معذوری پنشن کے لیے اہل مستحقین کی نشاندہی کرنے اور انہیں فوائد فراہم کرنے کے لیے کیمپ منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ضلع مجسٹریٹ کمار ہرش نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوامی نمائندوں کے ذریعہ اٹھائے گئے تمام مسائل کو اگلی میٹنگ سے پہلے حل کیا جائے۔ میٹنگ میں ضلع پنچایت صدر ڈاکٹر انتل تیوتیا، چیف ڈیولپمنٹ آفیسر نشا گریوال، ایم ایل اے لکشمی راج سنگھ اور کئی دیگر عوامی نمائندے اورافسران موجود تھے۔












