نئی دہلی، 12 جولائی
مشرقی دہلی کے گیتا کالونی فلائی اوور کے قریب ایک خاتون کی کٹی ہوئی لاش ملی ہے۔ پولیس نے ان ٹکڑوں کو اکٹھا کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال کے مردہ خانے میں محفوظ کر دیا ہے۔ تفتیش کے لیے کرائم اینڈ فرانزک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لیے۔ فی الحال خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس قریبی تھانوں سے رابطہ کر کے شناخت کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔پولیس کو صبح 9:15 پر کیس کی اطلاع ملی۔ لاپتہ افراد کی فہرست قریبی تھانوں سے بھی حاصل کی جا رہی ہے، تاکہ ان کی شناخت ہو سکے۔
ڈی سی پی ساگر سنگھ کالسی نے بتایا کہ یمنا کھادر علاقے میں ایک خاتون کی لاش ملی ہے جس کے دو ٹکڑے کیے گئے تھے۔ ایف ایس ایل اور کرائم ٹیم موقع پر پہنچ کر تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ متوفی خاتون کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان ہوگی۔ کوتوالی پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دہلی ویمن کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے اس واقعہ کو لے کر دہلی پولیس کو نوٹس بھیجا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، دہلی کی گیتا کالونی میں لڑکی کی لاش کے کئی ٹکڑے ملے۔ پولیس کو نوٹس بھیج رہی ہوں۔ لڑکی کون تھی؟ مجرم کب پکڑا جائے گا؟ دہلی میں ایک کے بعد ایک ہولناک قتل کیوں ہو رہے ہیں۔












