پرویز وانی
سرینگر ،سماج نیوز سروس: جنوبی ضلع کولگام کے ادیگام دیوسر علاقے میںفوج و فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں دو ملی ٹنٹ ا ز جاں ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں چار فوجی اہلکار اور ایک پولیس افسر زخمی ہو گیا ۔ پولیس نے جھڑپ میں دوملی ٹنٹوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مارے گئے ملی ٹنٹوں سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کولگام کے ادیگام دیوسر علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے سنیچروار کی اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کردی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں تلاشی آپریشن کے بعد وہاں چھپے بیٹھنے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور ملی ٹنتوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میںگولیوں کے تبادلے کے بعد علاقے کا محاصرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور ملی ٹنٹوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں چار فوجی اہلکار اور ایک پولیس افسر زخمی ہو گیا جن کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین کچھ وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس دوران جو نہی علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ رک گیا تو وہاں جھڑپ کے مقام سے دو ملی ٹنٹوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ادیگام دیوسر کولگام میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سنیچروار کی صبح علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اْن کے مطابق سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 4فوجی اہلکار اور ایک پولیس افسر زخمی ہو گیا جن کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھڑپ میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے جن کی شناخت کیلئے کارروائی جاری ہے ۔