نئی دہلی،(یو این آئی) مہاراشٹر کے بارامتی میں بدھ کی صبح ایک طیارہ حادثے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سمیت پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ طیارے میں عملے کے دو ارکان اور تین مسافر سوار تھے۔ رن وے پر لینڈنگ کے دوران طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں تمام پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔یہ وی ایس آر وینچرز کا ایک چھوٹا لیئر جیٹ طیارہ تھا۔ اطلاعات کے مطابق طیارہ ممبئی سے بارامتی جا رہا تھا۔حادثے کی وجوہات کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی ہے۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور چار دیگر افراد کا بدھ کے روز بارامتی میں پیش آئے طیارہ حادثے میں انتقال ہوگیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق طیارہ ممبئی سے بارامتی جا رہا تھا۔ بارامتی میں لینڈنگ سے قبل طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے مطابق طیارے میں سوار تمام پانچ افراد کی موت ہو گئی، جن میں دو عملے کے ارکان شامل تھے۔دریں اثناء مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، حزبِ اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھرگے سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر معزز شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدر مرمو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اجیت پوار کا اچانک انتقال ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں خاص طور پر مہاراشٹر کی ترقی اور کوآپریٹو شعبے میں اجیت پوار کے نمایاں رول کو یاد کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے لکھا کانہیں مہاراشٹر کی ترقی، خصوصاً کوآپریٹو کے شعبے میں ان کے خصوصی تعاون کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میں ان کے اہلِ خانہ، حامیوں اور مداحوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ ایشور اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر تمام افراد کے خاندانوں کو بھی اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ بارامتی میں پیش آئے اس المناک ہوائی حادثے سے بے حد دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ انہوں نے ایشور سے پرارتھنا کی کہ وہ غمزدہ خاندانوں کو اس ناقابلِ بیان دکھ کی گھڑی میں صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔اجیت پوار کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عوامی رہنما تھے جن کا زمینی سطح پر عوام سے گہرا تعلق تھا۔ وہ مہاراشٹر کے عوام کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہنے والی ایک محنتی قابلِ احترام شخصیت تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انتظامی امور پر ان کی گہری گرفت اور غریبوں و محروم طبقات کو بااختیار بنانے کا ان کا جذبہ قابلِ ستائش تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اجیت پوار کا اس طرح اچانک رخصت ہو جانا کافی افسوسناک ہے۔ انہوں نے آنجہانی کے اہلِ خانہ اور ان کے بے شمار چاہنے والوں کے لیے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا "اوم شانتی۔”لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر کی طیارہ حادثہ میں ناگہانی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ اپنے طویل سیاسی کیرئیر میں انہیں کوآپریشن سے عوامی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایشورسے پرارتھنا ہے کہ آنجہانی آتماؤوں کو اپنے قدموں میں جگہ دے، پسماندگان اور حامیوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔امور داخلہ کے مرکزی وزیرِ امت شاہ نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر شاہ نے اس حادثے کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے خاندان کے ساتھ اپنا ذاتی نقصان قرار دیا ہے۔مسٹر شاہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ اجیت پوار جی نے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں کے دوران جس طرح مہاراشٹر کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے خود کو وقف کیا، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔












