لکھنؤ، (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) انتخابات کو "مینیج” کر کے جیتی ہے اور اس طرح جمہوریت کو کمزور کیا جا رہا ہے۔بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات تک بی جے پی کو "کرو یا مرو” کا نعرہ لگانا پڑا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایس پی کارکنوں نے آخری لمحے تک ڈٹے رہ کر انڈیااتحاد کو مضبوط کیا اور بی جے پی کو مکمل اکثریت حاصل کرنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سنگین الزام لگایا کہ انتخابات کے دوران پولیس اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے ووٹوں کی "لوٹ مار” ہوئی۔ ان کے مطابق کچھ مقامات پر پولیس افسران نے اسلحے کے زور پر جمہوریت کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ پارٹی نے تمام حقائق کے ساتھ الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی، لیکن کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک "ملٹی لیئر الیکشن مافیا” سرگرم ہے، جس میں انتظامی مشینری، ایجنسیاں اور بعض میڈیا ادارے بھی شامل ہیں۔












