بنگلور، (یو این آئی) آئی پی ایل 2026 میں ہفتہ کے پہلے مقابلے میں رائل چیلنجرز بنگلور کا سامنا دہلی کیپیٹلز سے بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ جہاں آر سی بی کی ٹیم پانچ میں سے چار مقابلے جیت کر ٹاپ-2 میں ہے، وہیں دہلی کیپیٹلز چار میں سے دو مقابلے جیت کر اور دو ہار کر پوائنٹس ٹیبل کے درمیان میں ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ہونے والے 33 مقابلوں میں آر سی بی کو 20، جبکہ دہلی کیپیٹلز کو 12 میں جیت ملی ہے، جبکہ ایک مقابلہ منسوخ ہوا تھا۔ بنگلور میں ہونے والے دونوں ٹیموں کے درمیان 13 مقابلوں میں بھی آر سی بی 5-7 سے آگے ہے۔پانچ اننگز میں دو نصف سنچریوں کے ساتھ 228 رنز بنا چکے وراٹ کوہلی کو اگر روکنا ہے، تو دہلی کیپیٹلز کے کپتان اکشر پٹیل کو خود نئی گیند تھامنی ہوگی۔ اکشر نے کوہلی کو آئی پی ایل میں صرف ایک بار آؤٹ کیا ہے، لیکن کوہلی ان کے خلاف صرف 113 کے اسٹرائیک ریٹ سے ہی رنز بنا پاتے ہیں۔ اکشر، کوہلی کے سلامی بلے باز فل سالٹ کو بھی پریشان کرتے ہیں اور سالٹ بھی ان کے خلاف صرف 113 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنا پاتے ہیں۔ سالٹ، اکشر کے خلاف چار اننگز میں دو بار آؤٹ بھی ہوئے ہیں، جبکہ لنگی اینگیڈی نے بھی سالٹ کو چار میں سے دو اننگز میں آؤٹ کیا ہے۔












