دربھنگہ: محمد رفیع ساگر : آل انڈیا پسماندہ مسلم محاذ کے ریاستی صدر و جے ڈی یو اقلیتی سیل کے ریاستی میڈیا انچارج توقیر احمد نے بہار کے نو منتخب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری سے شائستہ ملاقات کر کے انہیں مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران ریاستی صدر نے پسماندہ سماج کی زمینی حقیقت، سماجی، تعلیمی اور معاشی مسائل کو تفصیل کے ساتھ وزیراعلیٰ کے سامنے رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا پسماندہ مسلم محاذ ملک بھر میں ان طبقات کی آواز بن کر کام کر رہا ہے جو طویل عرصے سے سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ رہے ہیں۔توقیر احمد نے مزید کہا کہ تنظیم کا بنیادی مقصد محروم طبقات کو قومی دھارے سے جوڑنا، تعلیم کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر تنظیم کے نظریات پر بھی سنجیدہ گفتگو ہوئی اور واضح کیا گیا کہ پسماندہ تحریک مساوات، عزت اور آئینی حقوق کی جدوجہد ہے۔ریاستی صدر نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ پسماندہ سماج کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اسکیمیں بنا کر عملی اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ان کی باتوں کو غور سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ریاستی حکومت تمام طبقات کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پرعزم ہے اور پسماندہ سماج کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کیا جائے گا۔اس موقع پر ریاستی صدر توقیر احمد نے تنظیم کی جانب سے وزیراعلیٰ کو انگوسترم اور گل دستہ پیش کر کے اعزاز سے نوازا اور مستقبل میں بھی باہمی تعاون اور رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آل انڈیا پسماندہ مسلم محاذ نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت کے تعاون سے پسماندہ سماج کو بااختیار بنانے کی سمت میں مؤثر پیش رفت ہوگی اور محروم طبقات کو ان کا جائز حق اور مقام حاصل ہوگا۔












