سید پرویز قیصر
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ختم ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ2024 میں52 میچوں کی103 اننگوں میں12140رن بنے مگر کوئی کھلاڑی سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں یء دوسرا موقع تھا جو کوئی بلے باز سو رن بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ایسا اس سے پہلے 2009 میں انگلینڈ میں ہوئے عالمی کپ میں ہوا تھا۔ اس عالمی کپ میں27 میچوں میں7201 رن بنے تھے جس میں کسی کھلاڑی نے سنچری اسکور نہیں کی تھی۔
اس مرتبہ46 نصف سنچریاں اسکور ہوئیں اور سب سے بڑی اننگ ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن کے نام رہی جو افغانستان کے خلاف گروس آئسلیٹ میں17 جون 2024 کو86 منٹ میں53 بالوں پر چھ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے98 رن بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ میں 2009 میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں31 نصف سنچریاں اسکور ہوئی تھیں ۔ اس ٹورنامنٹ میں سب سے بڑی اننگ سری لنکا کے تلیکا رتنے دلشان نے کھیلی۔ انہوں اوول میں19 جون 2009 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اوول میں ہوئے میچ میں90 منٹ میں57 بالوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر96 رن بنائے تھے۔
ایک ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ دو سنچریوں کا ہے جو چار عالمی کپوں میں بنا تھا۔ 2010 میں ویسٹ انڈیز میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پہلی مرتبہ دو سنچریاں اسکور ہوئی تھیں۔ اس عالمی کپ میں6967 رن بنے تھے جس میں28 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔اس ٹورنامنٹ میںہندوستان کے سریش رینا اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے سنچریاں اسکور کی تھیں۔
بنگلہ دیش میں2014 میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں بھی دو بلے بازوں نے سنچریاں بنائی تھیں۔ اس عالمی کپ میں 37 نصف سنچریاں بھی اسکور ہوئی تھیں اور کل9125 رن بنے تھے۔ پاکستان کے احمد شہزاد اور انگلینڈ کے ایلکس ہیلس اس عالمی کپ میں سو سے بڑی اننگیں کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔
ہندوستان میں 2016 میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں بنگلہ دیش کے تمیم احمد اور ویسٹ انڈیز کے کریس گیل سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ اس عالمی کپ میں کل9169رن بنے تھے جس میں32 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ دو سال پہلے آسڑیلیا میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں کل11169 رن بنے تھے جس میں دو کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کی تھیں اور56 نصف سنچریاں اسکور ہوئی تھیں۔ اس سے زیادہ نصف سنچریاں کسی اور عالمی کپ میں اسکور نہیں ہوئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ریلی روزیو اور نیوزی لینڈ کے گلین فلپس اس ٹورنامنٹ میں سو سے بڑی اننگیں کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔
کریس گیل کو ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2007 میں جنوبی افریقہ میں ہوئے عالمی کپ میں ایسا کیا تھا۔ انکی سنچری ویسٹ انڈیز کے کام نہیں آئی تھی اور اس کو اس میچ میں شکست ہوئی تھی۔ اس عالمی کپ میں کل7396 رن بنے تھے جس میں32 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔سری لنکا میں2012 میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں صرف نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم سنچری بنانے میں کامیا ب رہے تھے۔ اس عالمی کپ میں کل7014 رن بنے تھے جس میں33 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ متحدہ عرب امارات اور عمان میں مشترکہ طور پر 2021 میں ہوئے عالمی کپ میں ایک سنچری اور 53 نصف سنچریوں کی مدد سے11479 رن بنے تھے۔ اس ٹورنامنٹ میں واحد سنچری انگلینڈ کے جوس بٹلر نے بنائی تھی۔












