دیوبند (سماج نیوز سروس) جمعیۃ علماء ہند( دونوں گروپوں) ضلع سہارنپور کے ایک مشترکہ وفد نے کمشنر سہارنپور کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کو ایک میمورنڈم بھیج کر گستاخِ رسول یتی نرسمہا نند کو فوری طورپر گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل لانے کی مانگ کی ،ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ مذہبی پیشواؤںکے خلاف نفرت انگیزی کرنے والوں کے خلاف سخت قوانین کو منظوری دی جائے۔آج سہارنپور کمشنر آفس میں پہنچے جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے مشترکہ وفد نے کمشنر سہارنپور ڈاکٹر رشی کیش بھاسکر یشودا کو ایک میمورنڈم سونپا۔ صدر جمہوریہ ہند کے نام اس میمورنڈم میں جمعیۃ علماء ہند نے کہاکہ ڈاسنا مندر کے پجاری یتی نرسمہا نند مسلسل اسلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی عظیم شخصیت کولیکر بیہودہ بیان بازی کرتے ہیں ،جو بہت تکلیف کا باعث ہے، جس سے نہ صرف دنیابھر میں بسنے والے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں بلکہ انسانیت اور انصاف پسند افراد کو بھی گہرادکھ پہنچتاہے، مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتاہے لیکن شانِ رسالتؐ میں ادنیٰ گستاخی بھی کسی قیمت پر قبول نہیں کی جاسکتی ہے، تازہ واقعہ کو لیکر مسلم سماج میں سخت غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ میمورنڈم میں مانگ کی گئی ہے کہ اس گستاخِ رسول کے خلاف نہ صرف سخت دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیاجائے بلکہ جلد گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔ میمورنڈم میں سوشل میڈیا پر وائرل توہین آمیز ویڈیوز کو ڈیلیٹ کرانے اور مذہبی پیشواؤں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف ایسا قانون نافد کرنے کی مانگ کی گئی ،جس کے تحت ایسے قصور واروں کو کم از کم دس سال کی سخت سزا کی تجویز شامل ہو تاکہ کوئی بھی مذہبی پیشواؤں کے سلسلہ میں بدزبانی کا استعمال کرنے کی جرأت نہ کرسکے اور ملک کی امن وسلامتی اور بھائی چارہ کو مضبوط بنا کررکھاجاسکے۔ میمورنڈم دینے والوں میں جمعیۃ علماء ہند کے ضلع صدر مولانا حبیب اللہ مدنی، ضلع صدر مولانا محمد گلفام،نائب صدر حاجی ایم شاہد زبیری، ضلع نائب صدر مولانا فرید مظاہری،سکریٹری مولانا عامر مظاہری، سکریٹری سید ذہین احمد،مولانا ساجد،مولانا شاہد،چودھری مظفر علی سابق ضلع صدر کانگریس،مولانا عبدالعلیم،مفتی قسیم،محمود احمد،مولانا سید جنید،حاجی محمداکبر خان،حاجی بہار خان،حاجی عالم،ندیم انصاری،حاجی نواب انصاری،ماجد خان،ماسٹر اقبال احمد،نوشاد صدیقی،حافظ محمد انعام،حافظ وغیرہ سمیت دیگر کارکنان موجودرہے۔












