اعجاز ڈار
سرینگر،،سماج نیوز سروس:شدید سردی کی لہر کے بیچ دنیا کے مختلف حصوں سے 8لاکھ کے قریب مہمان پرندے وارد کشمیر ہوئے ہیں جن میں سے 15ہزار مہمان پرندوں نے شالہ بگ ویٹ لینڈ پر ڈھیرہ جما لیا ہے۔ اسی دوران آنے والے دنوں میں مزید پرندوں کی آمد متوقع ہے جبکہ مہمانوں پرندوں کی دیکھ بال اور شکار پر پابندی عائد کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ سرگرم عمل ہے ۔ مہمان پرندوں کی آمد سے کشمیر کے ویٹ لینڈس کی رونق دوبالا ہو گئی ہے جبکہ ویٹ لینڈس کے منتظمین مہمان پرندوں کی خاطر داری میں مصرو ف عمل ہے ۔تفصیلات کے مطابق وادی میں سردی کی لہر جاری ہے اور رات کے درجہ حرارت میں مزیدکمی ہو رہی ہے۔ پوری وادی سردی کی شدید لپیٹ میں آگئی ہے اور لوگوں نے کانگڑیوں اور گرم ملبوسات کا استعمال کرنا شروع کردیا گیا ہے جبکہ کانگڑیاں اور کوئلہ خریدنے کے سلسلے میں لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں ادھر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد بھی مختلف بازاروںمیں گرم ملبوسات خریدتے ہوئے دیکھے گئے۔سردی کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی تین لاکھ کے قریب مہمان پرندوں نے آبی پناہگاہوں کے اردگرد اپنا ڈیرہ ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے وادی کشمیر میں آبی پناہگاہوں ، دریاﺅں ، ندی نالوں کے آس پاس بڑی تعداد میں مہمان پرندے دیکھے جا سکتے ہیں۔
ویٹ لینڈ کے ایک سینئر آفیسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اگر چہ جھاڑے کے موسم میں دستک دی ہے تاہم اس کے ساتھ ہی مختلف ملکوں سے مہمان پرندوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے محکمہ کی جانب سے جو اعداد وشمار جمع کئے گئے ہیں انکے مطابق 8لاکھ کے قریب پرندے اس وقت آبی پناہگاہوں ، ندی نالوں ، دریاﺅں کے اردگر دڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں اور مزید دو سے ڈھائی لاکھ پرندوں کے کشمیر وارد ہونے کا امکان ہے۔ ادھر مہمان پرندوں کی آمد کیساتھ ہی ویٹ لینڈس کی رونق دوبالا ہو گئی ہے جبکہ مہمان پرندوں کی خاطر داری میں ویٹ لینڈ کے ملازمین مصروف عمل ہے ۔ رینج آفیسر چالہ بگ محمد اشرف کابلی نے بتایا کہ موسم میں بہتری کے بعد تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ایک اور اہلکار نے کہا کہ شالہ بگ ویٹ لینڈ میں پرندوں کا ایک بڑا میلہ منعقد کیا جائے گا کیونکہ انتظامیہ کو امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ہجرت کرنے والے پرندے اس پناہ گاہ میں پہنچیں گے۔
وائلڈ لائف وارڈن ویٹ لینڈز، کشمیر افشاں دیوان نے کہا کہ وہ اس سال 8 سے 10 لاکھ نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرندوں کے غیر قانونی شکار کو روکنے کیلئے تمام کنٹرول رومز کو فعال کر دیا گیا ہے۔












