لندن ،(یواین آئی ) انگلش کلب آرسنل کے دفاعی کھلاڑی بین وائٹ گھٹنے کی انجری کے باعث موجودہ سیزن کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ 28 سالہ کھلاڑی بین وائٹ کی انجری کی تصدیق کلب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کی گئی ہے، جس کے مطابق وہ برنلے اور کرسٹل پیلس کے خلاف لیگ میچوں کے علاوہ پیرس سینٹ جرمین کے خلاف ہونے والے چیمپئنز لیگ کے فائنل میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔ بین وائٹ اتوار کو ویسٹ ہیم یونائٹیڈ کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور انہیں صرف 28 منٹ کے کھیل کے بعد میدان چھوڑنا پڑا تھا۔ طبی معائنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ان کے گھٹنے میں گہری چوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے وہ طویل عرصے تک کھیل سے دور رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس انجری کے باعث وہ آئندہ فیفا ورلڈ کپ 2026میں انگلینڈ کی نمائندگی سے بھی محروم ہو جائیں گے۔












