اولان باتار، (یو این آئی): ہندوستان کی پریا نے اولان باتار میں جاری ایشیائی باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے دن 0-5 سے یکطرفہ جیت درج کی، جبکہ جدو منی سنگھ ٹاپ سیڈ باکسر کو آخری لمحے تک سخت چیلنج دینے کے باوجود شکست کھا گئے۔خواتین کے 60 کلوگرام زمرے میں، پریا نے قازقستان کی ریما ولوسینکو کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-5 سے یکطرفہ جیت حاصل کی ۔ پورے مقابلے کے دوران پریا نے بہترین کنٹرول اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ اب ان کا مقابلہ چین کی چینگیو یانگ سے ہوگا، جو اس کیٹیگری میں نمبر 2 سیڈ ہیں، اور اس مقابلے کے انتہائی چیلنجنگ ہونے کی توقع ہے۔دوسری جانب، مردوں کے 55 کلوگرام زمرے میں جدو منی نے جاپان کے روئی یاماگوچی کے خلاف سخت مقابلہ کیا، لیکن آخر میں انہیں ‘اسپلٹ ڈیسیژن کے ذریعے 2-3 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ یاماگوچی، جو اس کیٹیگری میں نمبر 1 سیڈ ہیں، استانہ ایونٹ میں چاندی اور باکسنگ ورلڈ کپ فائنل میں کانسی کا تمغہ جیت کر اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ کے طور پر آئے تھے۔ ایک انتہائی قابل حریف ہونے کے باوجود جدو منی نے ہمت نہیں ہاری اور دن کے سب سے قریبی مقابلوں میں سے ایک کو آخر تک کھینچا۔زبردست کارکردگی اور سخت مقابلوں کے امتزاج کے ساتھ، ہندوستانی ٹیم ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایشیائی باکسنگ چیمپئن شپ 2026 میں براعظم کے ٹاپ باکسنگ ٹیلنٹ شریک ہیں، جہاں ہر مقابلہ میڈل راؤنڈ تک پہنچنے کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔












