نئی دہلی، سماج نیوز سروس: رام پور کی ایک عدالت نے سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران ضلع انتظامیہ کے افسران کے خلاف کئے گئے توہین آمیز "تنکھیا” ریمارکس سے منسلک ایک کیس کے سلسلے میں دو سال کی سادہ قید اور 5000 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ایڈوکیٹ سودیش شرما نے کیس کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ سزا مضبوط دستاویزی اور زبانی شواہد پر مبنی ہے جس میں عینی شاہدین کی گواہی اور عدالت کے سامنے پیش کی گئی ویڈیو فوٹیج بھی شامل ہے۔مسٹرشرما نے کہا:’’یہ معاملہ 2019 کا ہے، جس میں محمد اعظم خان نے ضلع انتظامیہ کے اہلکاروں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کئے تھے۔ انہوں نے ایک اشتعال انگیز تقریر کی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس واقعے سے پہلے ہی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہو چکا تھا۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ملزمان کو اس سے قبل انتخابی مہم کے دوران پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے مزید کہا، اس سے پہلے، ان (اعظم خان) پر 48 گھنٹے اور 72 گھنٹے کی پابندیاں بھی لگائی گئی تھیں۔












