وزیر اعظم نریندرمودی نے ایودھیا میں تعمیر رام مندر کا افتتاح کیا ، آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت اور یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی رہے موجود ، مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے کی سدبھاونایاترا ، راہل گاندھی کی قیادت بھارت جوڑو نیائے یاترا پہنچی میگھالیہ
پی ایم مودی نے کہا رام آتش نہیں، توانائی ہیں
یوگی نے کہا رام مندر کا قیام ہندوستانی ثقافت کا نمونہ
بھاگوت نے کہا لڑائی کرنے کی عادت چھوڑنی ہوگی
ممتانے کہا مندر کا افتتاح صرف سیاسی ہتھکنڈہ ہے
راہل گاندھی نے کہا مجھے مندر جانے سے کیوں روکا گیا
نئی دہلی :شنکرآچاریوں کی مخالفت اور عام انتخابات 2024؍کے لیے جاری سیاست کے درمیان ایودھیا میں تعمیر نئے رام مندر میں پران پرتشٹھا تقریب کا پر امن انعقاد عمل میں آیا۔ایک طرف جہاں وزیر اعظم نریندر مودی بطور مہمان خصوصی ایودھیا پہنچے اور پران تشٹھا کے ساتھ رام مندر کا افتتاح کیا وہیں دوسری جانب اعلان کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے سدبھاونہ مارچ کیا تو تیسری جانب کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں منی پور سے چل کر بھارت جوڑو نیائے یاترا میگھالیہ پہنچی جہاں اس کا عوام کے تحت پرزور استقبال کیا گیا۔ پوری پیٹھ کے شنکرآچاریہ نشچل آنند سرسوتی اور دورکاپیٹھ کے شنکرآچاریہ سوامی اومکتیشور آنند نے اعلان کیاتھا کہ وہ اس میں شامل نہیں ہوں گے کیونکہ یہ سیاسی پروگرام ہے اور ادھورے مندر میں پران پرتشٹھا نہیں ہو سکتی ۔ علاوہ ازیں اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہمارے رام للا اب ٹینٹ میں نہیں رہیں گے۔ وہ اب اس روحانی مندر میں رہیں گے۔ جو کچھ ہوا ہے، اس کا احساس ملک کے گوشے گوشے میں رام بھکتوں کو ہو رہا ہے۔ یہ نئے دور کا آغاز ہے۔ ملک غلامی کی ذہنیت کو توڑ کر آگے بڑھ رہا ہے۔ہماری عبادت میں کچھ تو کمی رہ گئی ہوگی کہ ہم اتنی صدیوں تک یہ کام نہیں کر پائے۔ اس کے لیے میں رام للا سے معافی مانگتا ہوں اور مجھے بھروسہ ہے کہ وہ ہمیں معاف کر دیں گے۔ ہندوستان کی عدلیہ کا بھی شکریہ کہ اس عظیم الشان رام مندر کے لیے راستہ ہموار کیا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایودھیا اب ثقافتی راجدھانی بن گئی ہے۔ پوری دنیا اس کی عظمت کو دیکھ رہی ہے۔ پران پرتشٹھا قومی وقار کا تاریخی موقع ہے۔ رام جنم بھومی مندر کا قیام ہندوستانی ثقافت کا بے نظیر نمونہ ہے۔ یہ ایک ‘راشٹر مندر ہے۔ ہمارے آبا و اجداد نے جو ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر بنانے کا عزم لیا تھا، وہ آج پورا ہو گیا ہے۔ آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت نے کہا کہ آج کی خوشی کا اظہار کوئی نہیں کر سکتا۔ رام للا کے ساتھ ہندوستان کا ‘اپنا آپ لوٹ آیا ہے۔ چھوٹے چھوٹے مندر میں آج رام بھکتوں میں جوش کی لہر دکھائی دے رہی ہے۔ آج ہم نے سنا کہ پران پرتشٹھا تقریب کے لیے پی ایم مودی نے سخت ورَت (اُپواس، روزہ) رکھا ہے۔ انھوں نے ورَت کے سخت اصولوں پر عمل کیا۔ میں انھیں طویل مدت سے جانتا ہوں۔ پی ایم مودی ایک تپسوی ہیں۔لیکن وہ تنہا تَپ (محنت) کر رہے ہیں، لیکن اب ہمیں بھی تَپ کرنے کی ضرورت ہے۔بھگوان رام کو 14 سالوں کا وَنواس (جنگل کی زندگی) جھیلنا پڑا۔ لیکن وہ کیوں گئے تھے اس کی وجہ تھی ایودھیا میں لڑائی۔ رام دنیا کی لڑائی کو مٹا کر واپس ایودھیا آئے۔ آج رام للا 500 سال بعد پھر سے واپس آئے ہیں۔ ہم کو بھی سبھی لڑائی اور رنجش کو وداع کرنا پڑے گا۔ چھوٹے چھوٹے تنازعے ہوتے رہتے ہیں، اس کو لے کر لڑائی کرنے کی عادت چھوڑنی ہوگی۔علاوہ ازیں مغربی بنگال میں سبھی مذاہب کے رہنمائوں کے ساتھ سدبھاونہ یاترا لے کر نکلی ممتا بنرجی نے کہا کہ مندر کا افتتاح سیاسی ہے اور اس کا مذہب کے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں سب ایک ہے ۔انھوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں نفرت پھیلانے کا کام کرتی ہے ۔ ہم ملک میں نفرت نہیں پھیلنے دیں گے ۔ دوسری جانب راہل گاندھی کی قیادت میں جب میگھالیہ میں بھارت جوڑو یاترا پہنیچ تو وہاں ہزاروں لوگوں نے لائٹ اور ٹارچ کے ذریعہ استقبال کیا ۔ راہل گاندھی نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی ہے کہ آخر آسام میں انھیں مندر کیوں نہیں جانے دیا گیا ۔












