پٹنہ، پریس ریلیز: جے ڈی یو کے سینئر لیڈر ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس کے چیئرمین پرینک قانونگو کے ذریعہ بہار مدرسہ بورڈ کے نصاب پر دیئے گئے متنازعہ بیان کی سخت مذمت کی ہے۔ ساتھ ہی پرینک کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے منفی ذہنیت کے لوگوں کو عہدے پر بنے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس کے چیئرمین کو صرف اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہیے۔وہ ایسی ریاست کے اردو نصاب پر سوال اٹھا رہے ہیں جس کی قیادت وزیراعلی نتیش کمار جیسی شخصیت کررہے ہیں۔انہیں یہ اختیار کس نے دیا۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ بہار کے مدارس میں صرف وہی پڑھایا جا تا ہے جو معیار کے مطابق ہے۔جس کا فیصلہ حکومت نے کیا ہے۔درحقیقت این سی پی سی آر کے چیئرمین کو بہار کے مدارس کے نصاب اور مدارس کی تاریخ کے بارے میں صحیح معلومات نہیں ہیں۔ وہ اس ملک کی تہذیب و ثقافت سے بھی ناواقف ہیں۔ وہ جس عہدے پر فائز ہیں وہ سیاست کرنے کی جگہ نہیں ہے۔اس لیے ان کو ایسے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس کے چیئرمین پرینک قانونگو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ X پر بہار کے مدارس کے نصاب پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔












