سید پرویز قیصر
بنگلہ دیش کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے37 رن سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی اس جیت میں تیز بالر حسن علی نے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے3.2 اوور میں30 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جو انکی سب سے اچھی کارکردگی کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف اس قسم کے کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی بھی ہے۔
پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 201 رن بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کے سبھی کھلاڑی 19.2 اوور میں164 رن بناکر آوٹ ہوئے جس کی وجہ سے اسے اس میچ میں37 رن سے شکست ہوئی۔
حسن علی نے 3.2 اوور میں30 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جو پاکستان کی جانب سے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پانچویں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے اچھی بالنگ کا ریکارٖڈ دائیں ہاتھ سے اسپین بالنگ کرانے والے صفیان مقیم کے پاس ہے جنہوں نے زمبابوے کے خلاف ہرارے میں3 دسمبر2024کو ہوئے میچ میں2.4 اوور میں تین رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے پورے دس وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
پاکستان کی جانب سے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگ میں پانچ وکٹ لینے والے پہلے بالر عمر گل تھے۔ دائیں ہاتھ کے اس تیز بالر نے نیوزی لینڈ کے خلاف اوول میں13 جون2009 کو ہوئے میچ میں تین اوور میں چھ رن دیکر پابچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے چھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی ۔ عمر گل کی یہ بالنگ کارکردگی پاکستان کیلئے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دوستی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔
عمر گل کو ہی پاکستان کی جانب سئے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں تیسری سب سے اچھی بالنگ کرانے کا اعزاز حاصل ہے۔ سنچورین میں 3 مارچ 2013 کو ہوئے میچ میں2.2 اوور میں چھ رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے 95 رن سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
پاکستان کی جانب سے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں چوتھی سب سے اچھی بالنگ کرانے کا ریکارڈ اعماد وسیم کے پاس ہے جنہوں نے دوبئی میں23 ستمبر2016 کو ہوئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چار اوور میں14 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا اور پاکستان کی نو وکٹ کی جیت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔
پاکستان میں اس سے پہلے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ محمد عامر کے پاس تھا جنہوں نے سری لنکا کے خلاف لاہور میں29 اکتوبر2017 کو ہوئے میچ میں چار اوور میں13 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے 36 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔
حسن علی کے اس سے پہلے اس قسم کے کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی چار اوور میں18 رن دیکر چار وکٹ تھی جو انہوں نے زمبابوے کے خلاف ہرازے میں25 اپریل2021 کوانجام دی تھی۔ اس میچ میں پاکستان نے24 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ حسن علی اس سے پہلے صرف ایک مرتبہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک اننگ میں پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔انہوں نے ایسا کومیلا وکٹورینس کی جانب سے ڈھاکہ ڈائنا مائٹس کے خلاف ٖ میر پور،ڈھاکہ میں20 نومبر2017 کو ہوئے میچ میں انجام دی تھی۔ اس میچ میں انکی ٹیم کو چار وکٹ سے جیت ملی تھی ۔ یہ انکی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ بھی ہے۔