سید پرویز قیصر
روالپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں پاکستان کی دوسری اننگ میں سبھی دس کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کے تیز بالروں نے آوٹ کیا۔ بنگلہ دیش کیلئے یہ پہلا موقع تھا جب اسکے تیز بالروں نے ایک اننگ میں سبھی دس کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔پاکستان میں ابھی تک18 مرتبہ ایسا ہوا جب ایک اننگ میں سبھی دس کھلاڑیوں کو تیز بالروں نے آوٹ کیا ہے۔ بنگلہ دیش نے دوسرا ٹسٹ چھ وکٹ سے جیتا اور سریز میں 2-0 سے کامیابی اپنے نام کی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں پاکستان کی دوسری اننگ میں تیز بالر حسن محمود نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے10.4 اوور میں43 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جو ٹسٹ کرکٹ میں انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔اس سے پہلے اس تیز بالر کی ٹسٹ کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی15 اوور میں65 رن دیکر چار وکٹ تھی جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف چٹاگانگ میں مارچ2024 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں انجام دی تھی۔انکی یہ کارکردگی بنگلہ دیش کے کام نہیں آئی تھی اور اسے اس ٹسٹ میں 192 رن سے شکست ہوئی تھی۔
دوسرے تیز بالر ناہید رانا نے11 اوور میں 44 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جو ٹسٹ کرکٹ میں انکی سب سے اچھی بالنگ بھی تھی۔ اس سے پہلے انکی سب سے اچھی بالنگ14 اوور میں 87 رن دیکر تین وکٹ تھی جو انہوں نے سلہٹ میں مارچ2024 میں انجام دی تھی۔ اس میچ میں بنگلہ دیش کو 328 رن سے شکست ہوئی تھی۔
تسکین احمد نے دس اوور میں40 رن دیکر ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس طرح پاکستان کی اس اننگ میں بنگلہ دیش کے تیز بالر31.4 اوور میں127 رن دیکر سبھی دس کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دیکھنانے میں کامیاب رہے۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش کے تیز بالر چار مرتبہ ایک اننگ میں نو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے اور چاروں مرتبہ انہوں نے ایسا بنگلہ دیش سے باہر کیا تھا۔ اپریل 2001میں زمبابوے کے خلاف بلاوایو میں بنگلہ دیش کے چار تیز بالر114 اوور میں371 رن دیکر نو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔اس میچ میں زمبابوے نے ایک اننگ اور32 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ زمبابوے کی واحد اننگ میں منطور الاسلام نے35 اوور میں81 رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جبکہ حسیب الحسن30 اوور میں125 رن دیکردو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ محمد شریف نے29 اوور میں112 رن دیکر ایک وکٹ لیا تھا۔ مشفق الرحمان نے20 اوور میں53 رن دیکر کوئی وکٹ نہیں لیا تھا۔ نعیم الرحمان وہ واحد بالر تھے جنہوں نے آف بریک بالنگ کرتے ہوئے24.4 اوور میں74 رن دیکر ایک وکٹ حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دسمبر2001 میں ہملٹن میں کھیلے گئے ٹسٹ میں بنگلہ دیش کے چار تیز بالروں نے74.1 اوورمیں320 رن دیکر نو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے اس میچ میں ایک اننگ اور52 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
کولمبو میں سری لنکا کے خلاف ستمبر2005 میں کھیلے گئے ٹسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگ اور69 رن سے جیت حاصل ہوئی۔سری لنکا کی واحد اننگ میں بنگلہ دئش کے تین تیز بالر49.3 اوور میں270 رن دیکر نو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ماونٹ مانگوئی میں بنگلہ دیش نے آٹھ وکٹ سے جیت حاصل کی۔ اسکی اس جیت میں اس کے تیز بالروں نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی دوسری اننگ میںاسکے تین تیز بالروں نے47 اوور میں112رن دیکر نو کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔