دیوبند (سماج نیوز سروس) بھارتیہ کسان یونین ورما کی ایک اہم میٹنگ ضلع دفتر پر منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صوبائی جنرل سکریٹری عاصم ملک نے کہا کہ کسانوں اور ان کے مسائل کو یکسر نظر انداز کردینے کی پالیسی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کو مسلسل نظر انداز کرنے سے ناراض تنظیم کے ذمہ داران اور عہدیداران نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب بھارتیہ کسان یونین ورما کی جانب سے ریل روکو تحریک شروع کی جائے گی۔ تنظیم کے صوبائی جنرل سکریٹری عاصم ملک نے اعلان کیا کہ آئندہ 3اکتوبر سے یہ ریل روکو تحریک شروع کی جائے گی۔ اس کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3اکتوبر کو ہزاروں کی تعداد میں کسان بھارتیہ کسان یونین ورما کے دفتر واقع محفوظ گارڈن چلکانہ روڑ پر جمع ہوںگے۔ بعد ازاں کسانوں کا یہ مجمع ریلوے اسٹیشن کی جانب سے جائے گا اور ریلوں کی آمدو رفت نہیں ہونے دے گا۔ عاصم ملک نے کہا کہ ہندوستان ایک زراعتی ملک ہے لیکن اس کے باوجود اس ملک کا کسان سب سے زیادہ پریشان مجبور اور لاچاری کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے کیوں کہ مسلسل کسانوں کی پریشانیوں، ضرورتوں اور مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کسانوں کو اس طرح نظر انداز کرنے کی نیت حکومت کو ہریانہ میں اسمبلی الیکشن کے دوران چکانی پڑے گی۔ عاصم ملک نے کہا کہ حکومت کسانوں کو ان کی فصلوں کی منافع بخش قیمتیں دینے کے بجائے فصلوں پر آنے والی لاگت بھی واپس نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار وعدہ کرکے بھی حکومت نے ایم ایس پی گارنٹی قانون نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کسان اپنے مسائل کے حل کے لئے سڑکوں پر آکر حکومت کے خلاف تحریک شروع کریں گے اور مسائل کے حل ہونے تک تحریک جاری رکھیں گے۔ عاصم ملک نے کہا کہ 3اکتوبر کو بھارتیہ کسان یونین ورما اور متحدہ کسان مورچہ اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے ریلوے اسٹیشن جاکر ریلوں کو روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسان آر پار کی لڑائی کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے وہ کسانوں کے لئے ایم ایس پی پر گارنٹی قانون بناکر نافذ کردے۔ عاصم ملک نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی حکومت نے اس سلسلہ میں مثبت اقدام نہیں کئے کہ حکومت کو نیشنل سطح پر اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔ تنظیم کے شہر صدر ظہیر ترکی نے کہا کہ اس تحریک کو تیز اور بااثر بنانے کے لئے جگہ جگہ عوامی میٹنگیں کی جارہی ہیں تاکہ تحریک کو مضبوطی ملے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان اپنی بقا کے لئے آخر تک اس لڑائی کو لڑیں گے۔ اس پروگرام میں بورڈ انچارج دشینت سنگھ، فیض خان، رجت شرما، گورو شرما، شبھم کمار، سمت ورما، کلونت سنگھ، زبیر خان، رشبھ گوجر، اکمل گوڑ، اشونی، پنکج ٹھاکر، سمت سنگھ ، پروین چودھری، راجیندر اور چودھری ویبھو موجود رہے۔