نئی دہلی، (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کے روز مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت پر صدر دروپدی مرمو کی توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما روی شنکر پرساد نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال میں صدر کے عہدے کا احترام نہیں کیا گیا۔ روی شنکر پرساد نے کہا کہ صدر دروپدی مرمو سنتھال فلم فیسٹیول کے افتتاح کے لیے سلی گڑی گئی تھیں لیکن باگ ڈوگرا ہوائی اڈے پر ریاستی حکومت کی طرف سے ان کے استقبال کے لیے کوئی وزیر یا اعلیٰ افسر موجود نہیں تھا۔












