دیوبند ،سماج نیوز سروس: بالی ووڈ کے مشہور ومعروف ایکٹر بجیندر کالا عرف بجو ان دنوں فلم ’’شیش ‘‘ کی شوٹنگ کے سلسلہ میں گزشتہ کئی دنوں سے رڑکی میں قیام پذیر ہیں ۔فلم کی شوٹنگ کی مصروفیات کے درمیان انہوں نے وقت نکال کر عالمی شہرت یافتہ درگاہ حضرت مخدوم علائو الدین صابر ی پر حاضری دی ۔بجیندر کال گیلیکسی ایونیٹس کے فائونڈر اور ایونیٹ پلانر کنور شاہد کے ساتھ درگاہ پہنچے تھے ،انہوں نے درگاہ پر چادر اور عقیدت کے پھول پیش کرکے ملک کے لئے امن وسلامتی کی دعائیں مانگیں ۔اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشیں منور علی صابری نے مہمانوں کی دستاربندی کرکے ان کا استقبال کیا ۔بجیندر کالا نے کہا کہ درگاہ شریف پر حاضری دینے کے بعد انہیں روحانی سکون حاصل ہوا ہے ۔انہوں نے کنور شاہد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ہرطرح کا تعاون دیا اوربہترین انتظامات کئے جو شوٹنگ اورایک ایکٹر کے لئے نہایت اہم ہوتے ہیں ۔فلم کے ڈائریکٹر روی ورما جنکا تعلق امریکہ سے ہے وہ خصوصی طور سے اس فلم کی شوٹنگ کے مقصد سے رڑکی پہنچے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ فلم کے پروڈکشن ،کاسٹنگ اورلوکیشن سے متعلق تمام ذمہ داریاں روی ورما کے سپرد کردی گئی ہیں ۔اس دوران درگاہ کلیر شریف کے خادم منور علی صابری فلم کے معاون ڈائریکٹر دیویندر سنگھ ورما ،جاوید انصاری ،شاہنواز قریشی ،سہیل خاں ،حیدر عرف آصف علی اوربلال خان وغیرہ موجود رہے ۔












