نئی دہلی ،جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کا منصوبہ ہے۔ ایم سی ڈی پیر سے خصوصی مہم چلائے گی۔ 6 فروری سے 15 دن تک تجاوزات پر بلڈوزر چلیں گے۔ اس کے علاوہ دیواروں، میٹرو کے ستونوں پر چسپاں پوسٹرز، چوراہوں پر غیر ضروری ہورڈنگز کو ہٹایا جائے گا، کوڑا کرکٹ اور ملبہ صاف کیا جائے گا۔دہلی حکومت کے چیف سکریٹری نے بلیو پرنٹ تیار کرکے ایم سی ڈی کو سونپا ہے۔ مہم میں ایم سی ڈی کے ساتھ ساتھ پی ڈبلیو ڈی، ڈی ڈی اے اور دیگر ایجنسیوں کا مکمل تعاون ہوگا۔ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ سڑکیں کسی بھی شہر کے کردار کا تعین کرتی ہیں۔ یہ فیصلہ جی 20میں آنے والے معززین کے لیے سڑکوں کو مزید بہتر اور صاف کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد شہر کی سڑکوں کو نئی شکل دینا ہے۔سڑکوں پر اوور ہیڈ تاریں بھی ناخوشگوار اور گندی نظر آتی ہیں، جہاں بھی ممکن ہوا انہیں متعلقہ ایجنسیاں ہٹائیں گی۔ ایم سی ڈی نے حال ہی میں مہرولی علاقے میں اوور ہیڈ تاروں کو ہٹا دیا ہے۔ اس کے علاوہ سٹارم واٹر ڈرینز کی صفائی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی اور جہاں مین ہول کے کور غائب ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر تبدیل کیا جائے گا۔ دہلی پولیس کے ذریعہ جن بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں روشن کیا جائے گا۔مہم کے دوران دیگر اداروں کے ساتھ مل کر عارضی اور مستقل تجاوزات کو ہٹایا جائے گا۔ دہلی ٹریفک پولیس ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے تعاون کرے گی۔ سڑکوں سے ہر قسم کا کچرا، ملبہ، پوسٹرز، ہورڈنگز ہٹا دیے جائیں گے۔دہلی حکومت نے G-20 میٹنگ کی تیاریوں کے لیے مرکز سے 927 کروڑ روپے مانگے ہیں۔ اس کے لیے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ہفتہ کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو خط لکھا ہے اور تیاریوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے فنڈز مانگے ہیں۔ سسودیا نے کہا ہے کہ یہ ہندوستان کے لئے بہت خوشی کی بات ہے کہ اس بار ہندوستان G-20 اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ دہلی کے لوگوں کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ اس کی زیادہ تر اہم سرگرمیاں دہلی میں ہی ہونے والی ہیں۔دہلی حکومت اس G-20 اجلاس کی تنظیم کو کامیاب بنانے میں حکومت ہند کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ دہلی حکومت کی یہ کوشش ہوگی کہ G-20 اجلاس کے دوران آنے والے بین الاقوامی مہمانوں کی میزبانی میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ وہ 21ویں صدی کے ہندوستان کے دارالحکومت کے طور پر دہلی کی ناقابل فراموش یادوں کے ساتھ واپس آئیں۔ اس سمت میں دہلی حکومت کے مختلف محکموں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے لے کر مختلف سرگرمیوں اور پروگراموں کے انعقاد کے لیے ایک فریم ورک بنایا ہے۔












