چنڈی گڑھ، (یو این آئی) ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد 2027 کے آخر تک دریائے یمنا کو مکمل طور پر آلودگی سے پاک کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام محکموں کو تیزی اور تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جائزہ میٹنگ میں بتایا گیا کہ فی الحال یمنا کیچمنٹ ایریا میں 1543 ایم ایل ڈی کی صلاحیت کے 91 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (ایس ٹی پی) کام کر رہے ہیں، جن میں سے 41 ایس ٹی پی پچھلے پانچ برس میں لگائے گئے ہیں۔ مزید برآں، 11 نئے ایس ٹی پیز زیر تعمیر ہیں، جو پانی کی صفائی کی صلاحیت میں مزید اضافہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جہاں بھی ضرورت ہو صنعتی گندے پانی کی صفائی کے پلانٹس (ایس ٹی پیز) اور کامن ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس (سی ای ٹی پیز) قائم کیے جائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی اور آلودہ پانی چھوڑنے والی صنعتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہریانہ آلودگی کنٹرول بورڈ کے عہدیداروں نے اطلاع دی کہ کچھ صنعتی یونٹوں نے آلودہ گندے پانی کو خارج کرنے کے معاملات کی اطلاع دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس معاملے پر سخت نگرانی اور تعزیری کارروائی کی ہدایت کی۔ حکومت 147.5 ایم ایل ڈی کی صلاحیت کے ساتھ آٹھ نئے سی ای ٹی پی قائم کرے گی، جب کہ یمنا نگر میں ایک پلانٹ زیر تعمیر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نالیوں سے آنے والے پانی کو جمنا میں چھوڑنے سے پہلے مکمل طور پر ٹریٹ کیا جانا چاہئے اور اس سلسلے میں دہلی حکومت کے ساتھ تال میل قائم کیا جائے گا۔












