دمشق (ہ س)۔غزہ کے مکینوں کو علاقے سے باہر منتقل کرنے اور انہیں ہمسایہ ممالک یا حتی کہ شام، سوڈان اور دیگر جگہوں پر بے گھر کرنے کی تجاویز کے ساتھ شامی باشندے گذشتہ دو دنوں سے شمالی حلب کے دیہی علاقوں میں لگائے گئے خیموں کی تصاویر شیئر کررہے ہیں۔سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کررہی ہیں کہ غزہ کے رہائشیوں کو حلب کے دیہی علاقوں کے ایک گاؤں میں تیار کی گئی خیمہ بستی میں منتقل کیا جا رہا ہے۔تاہم شمالی حلب کے دیہی علاقوں کی اخترین لوکل کونسل نے سوشل میڈیا پر پھیلی افواہوں کو مسترد کردیا ہے۔کونسل کے حکام نے وضاحت کی کہ اخترین دیہی علاقوں میں باران نامی گاؤں میں ان کیمپوں کا قیام ایک پرانا منصوبہ ہے جو سابق حکومت کے خاتمے سے کئی ماہ قبل شروع ہوا تھا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس منصوبے کا مقصد بے گھر ہونے والے شامیوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا اور انہیں ان غیر رسمی کیمپوں سے منتقل کرنا ہے جن میں وہ برسوں سے جنگ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔امریکی ذرائع نے گزشتہ ماہ (مارچ 2025) کو اطلاع دی تھی کہ امریکی اور اسرائیلی حکام نے غزہ کے باشندوں کو شام میں آباد کرنے کے امکان میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ٹرمپ نے ایک نامعلوم ثالث کے ذریعے اس مسئلے پر شام کی نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کرنے کی کوشش کی تھی۔












