سید پرویز قیصر
چالس امینی ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رن مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پرویڈینس میں کھیلے گئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے میچ میں اپنی12 رن کی مختصر اننگ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا۔ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں وہ ایک ہزار رن بنانے والے پاپوا نیو گنی کے تیسرے اور کل ملاکر 150 ویں بلے باز ہیں۔
آئیر لینڈ کے خلاف بلفاسٹ میں15 جولائی 2015 کو اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے والے چارلس امینی نے ایک ہزار رن مکمل کرنے میں آٹھ سال اور 322 دن کا وقت لیا۔ ابھی تک انہوں نے جو57 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی49 اننگوں میں 25.15 کی اوسط اور118.07 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ، پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے1006 رن بنائے ہیں۔ وہ چھ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر91 رن ہے جو انہوں نے ملیشیا کے خلاف کوالالمپور میں 16 مارچ2024 کو53 منٹ میں آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم 77 رن سے فاتح بنی تھی۔
پاپوا نیوگنی کی جانب سے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ ٹونی پارا اورا کے پاس ہے جنہوں نے اپنے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کیریر کی شروعات تو چالس امینی کے ساتھ ہی کی تھی مگر رن بنانے کے معاملے میں وہ ان سے کافی آگے نگل گئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے جو وکٹ کیپنگ بھی کرتے ہیں، ابھی تک جو57 میچ کھیلے ہیں انکی56 اننگوں میں33.75 کی اوسط اور155.47 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے1620 رن بنائے ہیں۔ وہ چار مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر107 رن ہے جو انہوں نے فلپائین کے خلاف پورٹ موریس بے میں23 مارچ 2019 کو60 بالوں پر چار چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ یہ میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا تھا۔ پاپوا نیو گنی کے لئے یہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں واحد سنچری بھی ہے۔
اسد اللہ والا پاپوا نیو گنی کیلئے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ابھی تک جو60 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی57 اننگوں میں 26.35 کی اوسط اور117.89 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے1265 رن بنائے ہیں۔ وہ ایک بھی مرتبہ صفر کا شکار نہیں ہوئے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر93 رن ہے جو انہوں نے یوگینڈا کے خلاف بلاوایو میں12 جولائی2022 کو47 بالوں پر سات چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔اس میچ میں انکی ٹیم آٹھ وکٹ سے فاتح رہی تھی۔
سیسی باو پاپوا نیو گنی کیلئے چوتھے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ وہ موجودہ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں اپنے ایک ہزار رن مکمل کرسکتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے 2016 سے ابھی تک جو53 میچ کھیلے ہیں انکی45 اننگوں میں24.76 کی اوسط اور112.15 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چار نصف سنچریوں کی مدد سے941 رن بنائے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر65 رن ہے جو انہوں نے عمان کے خلاف الامارات میں7 مارچ 2024 کو57 بالوں پر ساے چوکوں اور دو چھکوں کی مد دسے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم آٹھ وکٹ سے فاتح رہی تھی۔












