پٹنہ ،،پریس ریلیز،ہمارا سماج: جے ڈی یو کے سر گرم لیڈر ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے آج دوسری بار ایم ایل سی کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ آج صبح بہار قانو ن سازیہ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ وہ پرچہ داخل کرنے پہنچے تھے ۔ پرچہ نامزدگی کے بعد میڈیا سے بات کر تے ہوئے ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا میں بے حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے دوبارہ اس قابل سمجھا اور مجھ پراپنا اعتماد برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ ایم ایل سی بنانے کا فیصلہ لیا ۔ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا مطلب انصاف ہے، ترقی ہے اور مساوات ہے ۔ وہ بغیر کسی بھید بھائو کے سبھوں کی ترقی کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ بالخصوص انہوں نے مسلمانوں کے لئے جو ترقیاتی کام کئے ہیں اس کی مثال کسی دوسری ریاست میں نہیں ملتی ۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کی اقلیتوں کو وہ سارے حقوق دیئے ہیں جس کے وہ حقدار تھے ۔جو لوگ اقلیتوں کا دم بھرنے کا دعویٰ کر تے ہیں، در اصل انہیں صرف ووٹ سے مطلب ہو تا ہے ۔اقلیتوں کی ترقی اور مسلمانوں کے مفاد سے انہیں کوئی مطلب نہیںہے ۔ ابھی ابھی آر جے ڈی نے اپنے کوٹہ سے 2 لوگوں کو راجیہ سبھا بھیجا ہے ۔ جس میں سےایک شخص کا تعلق ہریانہ سے ہے ۔ کیا بہار کے مسلمانوں میں یا اُن کی پارٹی میں کوئی اس لائق نہیں تھا کہ وہ راجیہ سبھا جا سکتے تھے؟۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد اقلیتوں کا دم بھر نے والی پارٹیوں سے لوگوں کو ہوشیار رہنا ہو گا اور یہ سمجھنا ہو گا کہ آئین کے مطابق ہمارے لئے کون کام کر رہا ہے ۔ ہمارے تحفظ کیلئے ، ترقی کیلئے ، مساوات کیلئے، ہماری نئی نسل کی بقا کیلئے،بہتر معاشرے کے لئے اور بہتر بہار کیلئے کس نے کام کیا؟ ۔ اس موقع پر انہیں مبارکباد دینے والوں کی قطاریں لگی رہیں ۔بہار قانون سازیہ سے لے کر رہائشگاہ تک مبارکباد دینےکا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع سے جے ڈی یو کے سینئر لیڈر،سابق وزیر اشوک چودھری ،سابق وزیر زماں خان ،ایم ایل سی رامیشور مہتو،سابق ایم ایل اے محمد شرف الدین سمیت کئی معزز اراکین اور سینکڑوں کارکنان ڈاکٹر خالد انور کی رہائشگاہ پہنچ کر انہیں مٹھائی کھلا کر مبارکباد دی ۔












