نئی دہلی ، دہلی حکومت میں توانائی کے وزیر اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر آتشی مارلینا نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے راجدھانی کے لوگوں کو دی جانے والی بجلی سبسڈی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیر کے اس بیان کو سراسر جھوٹ قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ ایک ذمہ دار عہدے پر بیٹھے شخص کو ایسی بے بنیاد باتیں نہیں کرنی چاہئے۔ اگر وزیر کے پاس ایسا کوئی ثبوت ہے تو وہ عوام کے سامنے پیش کریں، بصورت دیگر وہ اپنی غلط بیانی پر معافی مانگیں۔بی جے پی دہلی پردیش کے صدر وریندر سچدیوا نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بجلی کے وزیر آتشی نے ماضی میں لیفٹیننٹ گورنر پر بجلی سبسڈی ختم کرنے کا جھوٹا الزام لگایا تھا۔ بی جے پی کا مطالبہ ہے کہ کجریوال حکومت اس خط یا ثبوت کو عام کرے جس میں لیفٹیننٹ گورنر نے بجلی سبسڈی ختم کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس ایسے کوئی ثبوت نہیں ہیں تو وہ اپنے جھوٹ پر فوری طور پر عوام سے معافی مانگے۔سچدیوا نے کہا کہ اروند کجریوال حکومت نے اب عدلیہ کو بھی گمراہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر عدلیہ کو نامکمل معلومات دے کر گمراہ کرنے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سب سے پہلے خصوصی طور پر معذور بچوں کے لیے خصوصی اسکول کے معاملے میں حقائق کو دبایا۔ 18 نومبر 2022 کو عدالت میں جھوٹ بولا کہ متعلقہ فائل لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر میں ہے، جبکہ متعلقہ وزیر نے حال ہی میں 28 مارچ 2023 کو فائل لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کو بھیجی۔ اس طرح حکومت کا جھوٹ بے نقاب ہو جاتا ہے۔دراصل، عام آدمی پارٹی کے لیڈر الزام لگاتے رہے ہیں کہ بی جے پی پاور سبسڈی کو ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ وزیر توانائی آتشی مارلینا نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا کہ بی جے پی لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ دہلی کے لوگوں کو دی جارہی سبسڈی کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا تھا کہ دہلی حکومت دارالحکومت کے شہریوں کے مفادات کا مکمل تحفظ کرے گی اور بجلی کی سبسڈی جاری رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ اس موسم گرما میں بھی دارالحکومت میں 24 گھنٹے بلاتعطل بجلی کی فراہمی ہوگی۔












