بہارشریف (ایم ایم عالم)نالندہ ضلع کانگریس کے کارکنوں نے منگل کو گیس کی قلت اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔کانگریس دفتر سے شروع ہونے والا یہ احتجاج بھینسور موڑ سے ہوتا ہوا اسپتال چوراہا پہنچا،جہاں ضلع کانگریس صدر نریش پرساد اکیلا کی قیادت میں وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا نظر آتش کیا گیا۔احتجاج کے دوران نریش پرساد اکیلا نے کہاکہ کھانا پکانے کی گیس،پٹرول اور ڈیزل سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے عام لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور غریب،مزدور،کسان اور متوسط گھرانے مہنگائی سے بری طرح متاثر ہیں۔انہوں نے کہاکہ گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام خاندانوں کے گھریلو بجٹ کو درہم برہم کر دیا ہے اور لوگوں کو روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی مسلسل ملک کے اہم مسائل کو اٹھا رہے ہیں اور عوام کی آواز بن کر لڑ رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی مرکز کی بی جے پی حکومت عوام کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹاتے ہوئے صرف اقتدار کی سیاست میں مصروف ہے،جس کی وجہ سے ملک کی معیشت اور عام لوگوں کی حالت متاثر ہورہی ہے۔کانگریس پارٹی ہمیشہ غریبوں،کسانوں،مزدوروں اور عام لوگوں کے حقوق کے لیے لڑتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی مضبوطی سے لڑتی رہے گی۔بہار کے ریاستی مبصر راجیو مشرا نے بتایا کہ یہ پتلا نظر آتش کا پروگرام ضلع میں گیس کی قلت اور مہنگائی کے خلاف منعقد کیا گیا ہے۔اگر مرکزی حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی تو ضلع نالندہ کے ہر گاؤں میں جاکر مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف لوگوں کو آگاہ کرکے ایک بڑی عوامی تحریک چلائی جائے گی۔انہوں نے کانگریس پارٹی کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر محمد سرفراز ملک،رمیش پاسوان،اجے کمار پانڈے،ہمایوں انصاری،انجینئر ٹیپو،سونو عالم،راجیو کمار منا،بچو سنگھ،انیل چندراونشی،وجے کمار ورما،کشور کمار،منوج کمار اور دیگر کئی کانگریسی کارکنان موجود تھے۔پروگرام کے اختتام پر تمام کانگریسیوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیاکہ پارٹی مہنگائی،بے روزگاری اور مفاد عامہ سے متعلق مسائل پر جمہوری انداز میں تحریک جاری رکھے گی اور گاؤں گاؤں جا کر عوام کی آواز کو بلند کرے گی۔












