نئی دہلی: کانگریس نے رائے پور، چھتیس گڑھ میں 24سے 26فروری تک ہونے والے پارٹی کے تین روزہ 85ویں اجلاس کیلئے مختلف معاملات پر ایک ڈرافٹنگ کمیٹی کیساتھ ساتھ ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ہفتہ کو کہا کہ پارٹی نے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش کی قیادت میں 22رکنی ڈرافٹنگ کمیٹی تشکیل دی ہے اور اسی شعبہ کے سربراہ پون کھیڑا کو کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے ۔ کنوینر سینئر لیڈران پی چدمبرم، ویرپا موئیلی، اشوک چوان، بھوپندر سنگھ ہڈا، مکل واسنک، سلمان خورشید، پرتھوی راج چوان، ششی تھرور، جیوتھیمانی، راجیو گوڑا، سپریا شرینے سمیت 21ارکان کو کمیٹی میں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ویرپا موئیلی کو سیاسی امور کی کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے اور اشوک چوہان کو اس کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے ۔ ادھیر رنجن چودھری، کماری سیلجا، راجیو شکلا، گورو گوگوئی، گنیش گوڈیال سمیت 20ارکان کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ پی چدمبرم کو چیئرمین اور گورو بلو کو 18رکنی کمیٹی برائے اقتصادی امور کا کنوینر بنایا گیا ہے ۔ کمیٹی میں سچن پائلٹ سمیت 16ارکان ہیں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ سلمان خورشید کو بین الاقوامی امور کی کمیٹی کا چیئرمین اور ششی تھرور کو کنوینر بنایا گیا ہے۔ کمیٹی میں 11ارکان ہیں۔ اسی طرح کسانوں اور زراعت سے متعلق ایک ذیلی کمیٹی بھوپیندر سنگھ ہڈا کی صدارت میں تشکیل دی گئی ہے اور رگھو ویرا ریڈی کو اس کا کنوینر بنایا گیا ہے۔ کمیٹی میں 14ارکان ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مکل واسنک کو سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی ذیلی کمیٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور کے راجو کو اس کا کنوینر بنایا گیا ہے۔ کمیٹی میں 16ارکان ہیں۔ امریندر سنگھ راجہ برار کو نوجوانوں، تعلیم اور روزگار کے امور کی کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے ۔ جیوتھیمانی کو اس کا کنوینر بنایا گیا ہے اور 16ممبران بشمول یوتھ کانگریس صدر بی وی سرینواس، میناکشی نٹراجن، الکا لامبا، ہیبی ایڈن، جگنیش میوانی بنائے گئے ہیں۔












