رضوان سلمانی
دیوبند، 4 فروری ، سماج نیوزسروس: کانگریس پارٹی کی جانب سے دیوبند کے قریبی گاؤں بھائیلہ میں عوامی رابطہ پروگرام ”ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا “ کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی کے ضلع صدر چودھری مظفر علی کی قیادت میں یہ پروگرام منعقد ہوا۔ تفصیل کے مطابق کانگریس پارٹی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا بھائیلہ گاؤں سے شروع ہوئی ، یاترا میں شریک پارٹی کارکنان نے گھر گھر جاکر لوگو ںکو پارٹی کی پالیسیوں اور مقاصد سے آگاہ کرایا۔ اس یاترا کے اختتام کے بعد کانگریس پارٹی کے پنچایتی رکن اجے رانا کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ منعقد کی گئی ، میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ضلع صدر چودھری مظفر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی بھی تفریق اور اونچ نیچ والی سیاست نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک کے عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کے لئے کام کیا ہے اور ہمیشہ آپسی میل ملاپ اور بھائی چارہ کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ کانگریس نے کنیا کماری سے لے کر کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا نکال کر اختتام کو پہنچایا ہے اور اب ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مسلسل عوام کو گمراہ کرنے کا کام کررہی ہے اور نفرت کی سیاست کررہی ہے اس لئے اب ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے ذریعہ نفرتوں کو ختم کرنے اور آپسی بھائی چارہ قائم کرنے کا کام کیا جارہا ہے جس میں سب لوگوں سے شرکت کی اپیل ہے۔ کانگریس کے شہر صدر تنظیم صدیقی نے کہا کہ اس یاترا کا مقصد لوگوں میں پیار ومحبت کا پیغام دینا ہے کیوں کہ ہمیشہ کانگریس نے ملک میں امن وبھائی چارہ کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کرکے سیاست کی ہے مگر کانگریس نے ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین کیا ہے۔ تنظیم صدیقی نے کہا کہ گزشتہ دنوں پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کی پدیاترا نے ثابت کردیا ہے کہ کانگریس پارٹی ہی ایک ایسی جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی کامیاب پدیاترا سے موجودہ حکومت خوف زدہ ہے اور امید ہے کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں مرکز میں کانگریس پارٹی برسراقتدار آئے گی کیوں کہ کانگریس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی سوغات دی ہے جس سے ملک کے عوام کے کاروبار ختم ہوچکے ہیں ، اس وقت مہنگائی عروج پر ہے ، قتل ، عصمت دری، لوٹ مار جیسی وارداتیں عام ہوگئی ہیں ، موجودہ حکومت ملک کے عوام کی کسوٹی پر کھری نہیں اتری ہے اور نہ ہی ملک کی کوئی ترقی کرپائی ہے۔ بی جے پی حکومت ہر مورچہ پر ناکام ثابت ہوچکی ہے ۔ انہوں نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر وریام خان، دشینت رانا، اجے تیاگی، راحت خلیل، افضال قریشی، سریندر کوشک، شہباز گوڑ ، عبدالقادر تیاگی، اشوک سینی کے علاوہ سیکڑوں پارٹی کارکنان نے پدیاترا میں شامل ہوکر عوامی رابطہ مہم میں حصہ لیا ۔












