دہلی میں جمنا اُپھان پر، سبھی اسکول، کالج اور یونیورسٹی اتوار تک بند، ورک فرام ہوم موڈ پر آفس
نئی دہلی :دہلی میں جمنا ندی کی سطح آب ریکارڈ 208.46 میٹر تک پہنچ گئی۔ 45 سال بعد یہاں یمنا کے پانی کی سطح اس سطح پر پہنچی ہے۔ ایسے میں دہلی کے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ دارالحکومت میں کئی مقامات پر سیلابی پانی بھر گیا ہے۔جمنا کے پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے تین واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بند کرناپڑاہے۔ اس کی وجہ سے دہلی کے بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے خود ٹوئٹ کرکے اس کی اطلاع دی ہے۔ ایک طرف دہلی کی سڑکوں سے لے کر گلیوں تک ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ کئی علاقوں میں پانچ سے چھ فٹ پانی بھر گیا ہے۔ ایسے میں دہلی کے باشندوں کو اب پینے کے پانی کے بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ درحقیقت جمنا کے پانی کی سطح میں اضافہ کی وجہ سے تین واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بند کرنا پڑا ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی کے بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ یہ جانکاری دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے خود ٹوئٹ کرکے دی ہے۔اس کے علاوہ آج وزیر اعلی اروند کیجریوال کی صدارت میں دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں تمام اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کو اتوار تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضروری خدمات فراہم کرنے والے دفاتر کو چھوڑ کر باقی تمام سرکاری دفاتر ورک فرام ہوم موڈ پر آفس کا کام کریں گے۔وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ جمنا کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کو دیکھتے ہوئے اتوار تک اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیز ضروری خدمات فراہم کرنے والے تمام سرکاری دفاتر کو چھوڑ کر باقی تمام سرکاری دفاتر اتوار تک گھر سے کام کریں گے۔ انہوں نے نجی دفاتر کو اتوار تک گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایسے میں اگر آپ گھر سے دفتر یا کسی اور کام کے لیے جانے کا سوچ رہے ہیں تو جان لیں وہ کون سی سڑکیں ہیں جو سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں اور وہ سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔اس سلسلے میں ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے دہلی ٹریفک پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان سڑکوں سے گریز کریں جہاں سیلاب کا پانی بھرا ہوا ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ریلوے انڈر برج کے قریب پانی بھر جانے سے بھیرو روڈ پر ٹریفک بند ہے۔ ایسے میں مسافروں کو اس روٹ پر نہیں جانا چاہیے۔سیلابی پانی سول لائن ایریا میں داخل ہوگیا ہے۔ نگم بودھ گھاٹ علاقے میں سیلاب جیسی صورتحال ہے، آس پاس کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ رنگ روڈ آئی ٹی او میں بھی سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوا ہے۔بند کی جانے والی سڑکوں میںکشمیری گیٹ مین روڈہے جہاںرنگ روڈ بند کر دیا گیا۔ مشرقی دہلی سے وسطی دہلی اور کناٹ پلیس تک کے لئے ایک بڑا ٹرانزٹ راستہ آئی ٹی او میں پانی بھر گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھیرو مارگ، آئی پی فلائی اوور اور چاندگی رام اکھاڑا کے درمیان مہاتما گاندھی مارگ متاثر ہوا ہے۔ کالی گھاٹ مندر اور دہلی سکریٹریٹ کے درمیان مہاتما گاندھی مارگ متاثر ہوا۔ وزیرآباد پل اور چاندگی رام اکھاڑہ کے درمیان آوٹر رنگ روڈ متاثر۔اس کے علاوہ کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کئی راستوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ کمرشل گاڑیوں کو ایسٹرن اور ویسٹرن پیریفرل ایکسپریس ویز کی طرف موڑ دیا گیا۔ کمرشل گاڑیاں مکربہ چوک سے موڑ دی جائیں گی۔ مکربہ چوک اور وزیرآباد پل کے درمیان کسی بھی تجارتی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ کمرشل گاڑیاں سرائے کالے خان سے موڑ دی جائیں گی۔ سرائے کالے خان اور آئی پی فلائی اوور کے درمیان کسی بھی تجارتی گاڑی کی اجازت نہیں۔تجارتی گاڑیوں کو غازی پور بارڈر سے موڑ دیا جائے گا۔ تجارتی گاڑیوں کو اکشردھام سے ڈی این ڈی کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اکشردھام اور سرائے کالے خان کے درمیان کسی تجارتی گاڑی کی اجازت نہیں ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر آتشی نے کہا کہ دہلی میں پہلی بار یمنا کے پانی کی سطح میں اتنا اضافہ ہوا ہے۔ جب 1978 میں دہلی میں سیلاب آیا تھا تو اس بار تقریباً 1.5 میٹر زیادہ پانی آیا ہے۔ جب پانی کی سطح اتنی بلند ہو جائے گی تو جمنا اپنے کناروں سے نکل آئے گی۔ پانی کا بہاؤ کنٹرول نہیں ہے۔ ہم مسلسل لوگوں کو نکال رہے ہیں۔ لوگوں کی جان بچانا ہمارے لیے زیادہ اہم ہے۔












