نئی دہلی،پریس ریلیز،ہمارا سماج:مقدس سفر حج2024کے لئے دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ سے جانے والے حجاج کرام کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جو کہ 22جون سے چل رہا تھا ، آج 9جولائی کو سعودی ایرلائنز کی آخری پرواز نمبر SV-3630کے شام 5بجے دہلی پہنچنے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ پر حجاج کرام کے آخری قافلے کے استقبال کے لئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چئیرپرسن کوثر جہاں ، ایگزیکیٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی،ڈپٹی ایگزیکیٹو آفیسرمحسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر افسران و ملازمین موجود رہے اور آخری قافلے کے حجاج کرام کو وطن واپسی پر مبارکباد پیش کی۔آخری پرواز کے موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چئیرپرسن کوثر جہاںنے ایرپورٹ پر تمام متعلقہ ایجنسیوں ، جن میں سعودی ایرلائنز، ڈایل، سی۔آئی۔ایس۔ایف، امیگریشن، سیلبی وغیرہ کو بھی اُن کی خدمات کے لئے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پردہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ اس سال پورے ہندوستان سے 139964لوگ حج کی سعادت حاصل کرنے گئے تھے جبکہ دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے حج پر جانے والے حاجیوں کی تعداد کُل تعداد16443 تھی۔ پورے ہندوستان میں کُل 20 امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج سعودی شہر مکہ اور مدینہ کے لئے جاتے ہیں۔حج کی پروازیں دو فیس میں جاتی ہیں، پہلے فیس میں دہلی سے 9مئی سے 25مئی کے درمیان جانے والے حجاج کرام کی واپسی 22جون سے 9جولائی کے درمیان ہوئی ہے جبکہ دوسرے فیس کے حجاج کرام کی واپسی 1جولائی سے 21جولائی کے درمیان ہوگی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حج 2025کی تیاری بھی اب جلد ی ہی شروع ہو جائیگی اور حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے اس مقصد سے اپنا کام شروع کر دیاہے۔